کراچی : صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ کچے کے ڈاکووں کیخلاف بڑے آپریشن کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ڈاکوؤں کےحملے میں 12 اہلکاروں کی شہادت پر صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ڈاکووں کیخلاف بڑے آپریشن کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں ہیں، پنجاب پولیس پر حملے میں ملوث کچھ ڈاکو مارے گئے ہیں، جو بچے ہیں ان کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے، اس لیے بڑی کارروائی ہونے جارہی ہے۔
یاد رہے پنجاب اور سندھ کے کچے میں شرپسندوں کے خلاف بڑی کارروائی کا فیصلہ کیا گیا تھا ، ذرائع نے بتایا تھا کہ پنجاب پولیس ،رینجرز،سندھ پولیس مشترکہ کارروائیاں کریں گی اور شرپسندوں کےمکمل صفائی تک آپریشن جاری رہے گا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ کچے میں زمینی اوردریائےعلاقوں میں بیک وقت آپریشن کیا جائے گا۔
گذشتہ روز ماچھکہ کے علاقے میں ڈاکوؤں کےحملےمیں شہید پولیس اہلکاروں کی نمازجنازہ صادق پولیس لائن میں ادا کی گئی تھی نماز جنازہ کے بعد شہریوں کی جانب سے احتجاج کیا گیا اور مطابلہ کیا کہ کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف جدید اسلحہ کیساتھ گرینڈ آپریشن کیا جائے۔
واضح رہے ڈاکوؤں نے راکٹ لانچروں سے پولیس موبائل پر حملہ کردیا تھا ، حملےمیں بارہ اہلکار شہید جبکہ آٹھ زخمی ہوئے تھے تاہم پولیس کی جوابی کارروائی میں ڈاکو گروہ کاسرغنہ بشیر شر ماراگیا تھا۔