کچے کے ڈاکوؤں نے پنجاب پولیس کے مغوی کانسٹیبل کی ویڈیو جاری کردی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق لیاقت پور پولیس نے کانسٹیبل احمد نواز کے اغوا کا مقدمہ درج کرلیا اور معاملے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔
کانسٹیبل احمد نواز نے وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے اپیل کی ہے کہ میری جان بچائیں۔
علاوہ ازیں صادق آباد میں پولیس پر حملے سے قبل فصل میں چھپے ڈاکوؤں کی بھی ویڈیو سامنے آئی۔
ویڈیو بنانے والا ڈاکو بشیر شیر پولیس کی جوابی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا تھا، ڈاکوؤں کو گنے کی فصل میں پولیس کے انتظار میں بیٹھے دیکھا گیا۔
ویڈیو میں نطر آنے والے بیشتر ڈاکو ماچھکہ پولیس حملے کے مقدمے میں بھی نامزد ہیں۔
واضح رہے کہ چند روز قبل صادق آباد میں کیچڑ میں پھنسے پولیس اہلکاروں پر کچے کے ڈاکوؤں نے حملہ کردیا تھا جس کے نتیجے میں 12 پولیس اہلکار شہید ہوگئے تھے۔
پولیس کی جوابی کارروائی میں ایک ڈاکو بشیر شیر مارا گیا تھا جبکہ دو ڈاکو زخمی ہوگئے تھے۔
کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف حکومت کی جانب سے گرینڈ آپریشن کی تیاری کرلی گئی ہے اور ڈاکوؤں کے خلاف جلد ہی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔