’اس وقت پی ٹی آئی کا مسیحا مولانا فضل الرحمان ہیں‘

فیصل کریم کنڈی: اس وقت پی ٹی آئی کا مسیحا مولانا فضل الرحمان ہیں

اسلام آباد: گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ اس وقت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا مسیحا مولانا فضل الرحمان ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’اعتراض ہے‘ میں فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ میں نے مولانا فضل الرحمان کے خلاف الیکشن لڑے ہیں لیکن ان کی عزت کرتا ہوں، پی ٹی آئی سمجھتی ہے انہیں سارے مسائل سے وہ ہی نکالیں گے۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ لوگوں سے مل کر محسوس ہو رہا ہے کہ وزیر اعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور اعتماد کھو چکے ہیں، ان پر ان کے اپنے وزرا ہی کرپشن کے الزام لگا رہے ہیں، وہ اسمبلی میں خطاب کرنا چاہتے تھے لیکن اجلاس آگے کر دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈاپور اعتماد کا ووٹ لے لیں اس سے پہلے کے ان کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک آ جائے، کیا پتا پی ٹی آئی والے ہی تحریک لے کر آ جائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ علی امین گنڈاپور نے کہا تھا کہ ڈی چوک آنے سے کسی کا باپ نہیں روک سکتا، یہ اسلام آباد سے ترنول چلے گئے کوئی بڑا ڈیڈی روکنے کیلیے آگیا ہوگا، یہ ہمارے بغیر اب جلسہ کیا جلسی بھی نہیں کر سکتے۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ مجھے 100 فیصد یقین ہے ترنول جلسہ بانی پی ٹی آئی نے منسوخ نہیں کیا، بانی کا ایک ہی ایجنڈا این آر او ہے چاہے جلسہ منسوخ کرنا پڑے، وہ جیل سے باہر آنے کیلیے این آر او مانگ رہے ہیں۔

گورنر کے پی نے کہا کہ پی ٹی آئی رہنما مولانا فضل الرحمان سے ملاقاتیں کر رہے ہیں، وہ علی امین گنڈاپور سے سربراہ جے یو آئی (ف) کے حق میں ایک بیان دلوا دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت خیبر پختونخوا نو گو ایریا بنا ہوا ہے جہاں امن وامان کی صورتحال خراب ہے، علی امین گنڈاپور کرپشن سے فارغ ہوں تو امن و امان کا پتا چلے، صوبے میں شام کے بعد حکومت نظر نہیں آتی۔