سیاسی جماعت ہماری ہڑتال اپنے نام کرنا چاہتی ہے، انجمن تاجران

کراچی کے تاجروں

صدر مرکزی انجمن تاجران پاکستان اجمل بلوچ نے کہا ہے کہ سیاسی جماعت ہماری ہڑتال اپنے نام کرنا چاہتی ہے تاجر اپنی بات منوانا جانتے ہیں ہمیں کسی سیاسی جماعت کی ضرورت نہیں۔

کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اجمل بلوچ نے کہا کہ دنیا میں کہیں بھی ایسا نہیں ہوتا کہ پراپرٹی پر انکم ٹیکس لگایا جائے صرف انکم پر ہی ٹیکس انکم لگایا جاتا ہے ملک کی حالت یہ ہو گئی ہےکاروبار 30 فیصد رہ گیا حکمران اپنے خرچے کم کرنے کو تیار نہیں۔

اجمل بلوچ کا کہنا تھا کہ جب تک کرپشن پر سزائے موت نہیں ہوتی ملک ٹھیک نہیں ہو سکتا الیکشن سےمفت بجلی، آٹا دینے کی بات کرنے والوں نے 300گنا مہنگا کر دیا ہے۔

دوسری جانب 28 اگست کی ہڑتال پر ایف بی آر نے تاجروں کو مذاکرات کی دعوت دے دی۔

تاجروں کی ہڑتال پر چیف کوآرڈینیٹر تاجر دوست اسکیم نعیم میر نے کہا ہے کہ ایف بی آر کی طرف سے تاجر نمائندوں کومذاکرات کی دعوت دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین کی ہدایت پر ممبر آپریشنز نے تاجر رہنماؤں سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے تاجروں کو 27 اگست کو 3 بجے ایف بی آر اسلام آباد مدعو کیا گیا ہے جس میں تاجر دوست اسکیم کے ترمیمی ایس آراو پر مشاورت ہوگی امید ہے تاجر رہنما مثبت جواب دیں گے۔

چیف کوآرڈینیٹر تاجر دوست  اسکیم کا کہنا تھا کہ ملک ہڑتال واحتجاج کا متحمل نہیں ہوسکتا ہم تمام مسائل کو مل جل کر حل کرنے کے خواہاں ہیں تاجروں کے تمام جائز مطالبات پورے کریں گے۔