پاکستان کی بنگلہ دیش کے خلاف پہلی بار ٹیسٹ میچ میں شکست پہلا اپ سیٹ نہیں بلکہ قومی ٹیم اور غیر متوقع شکستوں کا پرانا ناطہ ہے۔
بنگلہ دیش نے گزشتہ روز پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے باہمی ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان کو اس کی سر زمین پر 10 وکٹوں کی شرمناک شکست سے دوچار کیا۔ یہ بنگلہ دیش کی 23 سالہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں پاکستان کے خلاف پہلی ٹیسٹ فتح ہے۔
تاہم ایسا پہلی بار نہیں ہوا کہ پاکستان نے کسی چھوٹی ٹیم سے اپ سیٹ (شکست) پائی ہو، قومی ٹیم کی غیر متوقع کارکردگی کی بدولت اپ سیٹ شکستوں اور پاکستان ٹیم کا اب چولی دامن کا ساتھ لگتا ہے۔
اپ سیٹ شکست کی بات کریں تو 1999 کا ون ڈے ورلڈ کپ کون بھول سکتا ہے، جب پاکستان گروپ میں نا قابل شکست تھا اور ٹرافی جیتنے کے لیے فیورٹ تھا۔ یہ ٹیم آسٹریلیا جیسی ٹیم کو بھی گروپ میچ میں شکست دے چکی تھی لیکن پھر کرکٹ میں نومولود بنگلہ دیش سے غیر متوقع طور پر ہار گئی۔
سال 2007 کا ورلڈ کپ اس لیے ایک تلخ یاد بن کر رہے گا کہ پاکستان اس میگا ایونٹ میں آئرلینڈ سے سرپرائز شکست کے بعد نہ صرف پہلے ہی راؤنڈ میں ورلڈ کپ سے باہر ہوگیا بلکہ اس غیر متوقع شکست کا دکھ پاکستانی کوچ باب وولمر کے لیے بھی جان لیوا ثابت ہوا اور وہ اس شرمناک شکست کے بعد اپنے کمرے میں مردہ پائے گئے۔
دو سال قبل 2022 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں گرین شرٹس نے زمبابوے کے آگے گھٹنے ٹیکے تو گزشتہ سال 2023 کے ون ڈے ورلڈ کپ میں افغانستان سے شکست کا داغ پایا اور ورلڈ کپ سے خالی ہاتھ وطن واپسی کا ٹکٹ تھاما۔
یہ سلسلہ یہیں نہیں رکا بلکہ رواں برس بھی جاری رہا۔ آئرلینڈ کے خلاف پھر ناکامی ہوئی تو حالیہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں کرکٹ کی بے بی ٹیم امریکا سے شکست سے 2007 کے ورلڈ کپ کے زخم کو پھر تازہ کر دیا۔
https://urdu.arynews.tv/pakistan-teams-icc-test-ranking-has-dropped-to-8th-place/