نیدر لینڈ کے فٹبالر انوار الغازی نے اسرائیل کے وحشیانہ مظالم کا شکار غزہ کے بچوں کے لیے پانچ لاکھ یورو عطیہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
مراکشی نژاد نیدر لینڈ ٹیم کے مسلمان فٹبالر انوار الغازی جنہیں گزشتہ سال 2023 میں فلسطین کے حق میں آواز بلند کرنے پر ان کے کلب مائنز زیرو فائیو انہیں معطل کرتے ہوئے معاہدہ ختم کر دیا گیا تھا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق فٹبال کلب کے اس فیصلے کے خلاف الغازی نے عدالت سے رجوع کیا تھا، جہاں انہیں انصاف ملا اور جرمنی کی عدالت نے کلب کے فیصلے کو غیر قانونی قرار دے دیا تھا۔
لیبر کورٹ کے فیصلے میں مائنز کو حکم دیا گیا کہ وہ گزشتہ نو ماہ کی تنخواہ ادا کرے جس کی مجموعی مالیت 17 لاکھ یورو ہے۔
عدالتی فیصلے کے بعد کلب سے مذکورہ رقم ملنے کے بعد ڈچ فٹبالر نے گزشتہ جمعہ کو سوشل میڈیا پر لکھا کہ میں اس وقت دو چیزوں کے لیے مائنز کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ سب سے پہلے اس بھاری مالی ادائیگی کے لیے، جس میں سے پانچ لاکھ غزہ کے بچوں کے منصوبوں کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید لکھا کہ مجھے امید ہے کہ مائنز، واجب الادا رقم ادا کرنے سے بچنے کی بار بار ناکام کوششوں کے باوجود اس بات سے تشفی حاصل کریں گے کہ انہوں نے میرے ذریعے، غزہ کے بچوں کی زندگی کو قدرے قابل برداشت بنانے کی کوشش میں تعاون کیا ہے۔
ڈچ فٹبالر نے کہا کہ میری آواز کو دبانے کی کوشش کی گئی لیکن ان کوششوں نے میری آواز پہلے سے زیادہ موثر بنا دی ہے۔
الغازی کے اس اعلان کو انسانیت کا درد رکھنے والے بلا تفریق رنگ ونسل اور مذہب سراہ رہے ہیں۔
واضح رہے کہ رواں ماہ چیمپیئن شپ ٹیم کارڈف سٹی کے ساتھ معاہدہ کرنے والے الغازی کا مائنز کے ساتھ معاہدہ 2025 تک تھا۔