اسلام آباد: پاکستان نے سعودی عرب سے مزید 1.2 ارب ڈالر قرض کےحصول کی درخواست کردی۔
تفصیلات کے مطابق حکومت چین،سعودی عرب،یو اے ای سے 12ارب ڈالرقرض رول اوور کرانے کیلئے متحرک ہوگئی ہے۔
پاکستان نےسعودی عرب سے مزید 1.2 ارب ڈالر قرض کےحصول کی درخواست بھی دے دی ، نئے قرض کامقصد 2 ارب ڈالر کا فنانسنگ گیپ پورا کرنا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان پرپہلے ہی 5 ارب ڈالر کےکیش ڈیپازٹس کی صورت میں سعودی قرض واجب الادا ہے۔
وزارت خزانہ نے بتایا کہ پاکستان کےپاس چین کے 4 ارب ڈالر اور یو اے ای کے 3 ارب ڈالر کیش ڈیپازٹس ہیں ، چین سمیت 4.5 ارب ڈالر کا کمرشل قرضہ اس کےعلاوہ ہے۔
یاد رہے چین، سعودی عرب اورمتحدہ عرب امارات نے پاکستانی قرضے کو رول اوور کرنے کی یقین دہانی کرادی۔
بلومبرگ نیوز ایجنسی نے بتایا تھا کہ دوست ممالک پاکستان کے قرض کو ایک سال کیلئے رول اوور کریں گے تاہم پاکستان آئی ایم ایف کے ساتھ سات بلین ڈالر کے قرض پروگرام کی حتمی منظوری کا منتظر ہے۔
آئی ایم ایف نے پاکستان کو دوست ممالک سے قرضوں کو رول اوور کرانے کی یقین دہانی کرانے کو کہا تھا۔