لاہور: چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا ہے کسی کی خواہش پر نہیں کرکٹ کو ٹھیک کرکے جاؤں گا۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ بنگلا دیش سے ٹیسٹ میچ میں شکست ہوئی ہمیں اسے تسلیم کرنا چاہیے، ہماری کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی، پچ سے متعلق رپورٹ مانگی ہے وہ بھی کل یا پرسوں تک آجائے گی۔
انہوں نے کہا کہ میچ ایک ہفتہ تاخیرکا شکارہونا کیا یوٹرن ہوتا ہے؟ کراچی میچ کا فیصلہ میں نے نہیں کیا تھا پہلے سے ہوا تھا، میں نے کراچی میچ کا فیصلہ تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
محسن نقوی نے کہا کہ سرجری کی باتیں کرتے ہیں تاکہ چیزوں کودرست کیا جائے لیکن سرجری کے لیے مناسب ٹولز بھی ہونے چاہئیں، پیچھے دیکھتے ہیں تو کافی گڑ بڑ نظر آتی ہے۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ چیمپئنزٹرافی کے ذریعے ہمارے سامنے ٹیلنٹ آجائے گا اورٹیم کے لیے بہترین انتخاب کریں گے، ہمارے پاس بیک اپ پلیئرز آجائیں جو پرفارم کرے گا وہ میرٹ پر اوپر آئے گا۔
واضح رہے کہ پنڈی ٹیسٹ میں بنگلا دیش نے پاکستان کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر پہلی بار ٹیسٹ میچ میں جیتا۔ سابق کرکٹر اور شائقین کرکٹ کی جانب سے قومی ٹیم کی کارکردگی پر کڑی تنقید کی جارہی ہے۔