بلوچستان کی تمام سازشیں افغانستان اور را سے ملتی ہیں، گورنر سندھ

کامران ٹیسوری: بلوچستان کی تمام سازشیں افغانستان اور را سے ملتی ہیں

کراچی: گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں سازش کے تانے بانے افغانستان اور بدنام زمانہ بھارتی خفیہ ایجنسی را سے ملتے ہیں۔

کامران ٹیسوری نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ عوام دہشتگردی کے خاتمے کیلئے اپنی سکیورٹی فورسز کے ساتھ ہیں، بلوچستان میں جو صورتحال دیکھی گئی کچھ عرصہ پہلے ایسا واقعہ اے پی ایس میں ہوا تھا، بلوچستان میں پاک فوج کے جوان اور معصوم شہری شہید ہوئے، ان واقعات کے بعد پوری قوم ریاست اور افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ قوم کا مطالبہ ہے کہ بلوچستان سے ایسی غلاظت کو نکال پھینکا جائے، بلوچستان میں جو بیرونی طاقت پر فساد پھیلاتے ہیں انہیں فسادی کا نام دینا چاہیے، جب پاکستان ترقی کر رہا ہوتا ہے تو یہ لوگ وہی کام شروع کر دیتے ہیں جس سے سالمیت کو خطرہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ آرمی چیف عاصم منیر کو بتانا چاہتا ہوں کہ پوری قوم ریاست اور افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے، قوم چاہتی ہے ان لوگوں سے اسی طرح نمٹا جائے جیسے یہ سازش کر رہے ہیں، اس سازش کے تانے بانے افغانستان میں موجود را کے سیٹ اپ سے ملتے ہیں، تمام کارروائیاں را کی ایما پر افغانستان سے پاکستان میں کی جا رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سلامتی اور خود مختاری کو چیلنج کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں، را نہیں چاہتی کہ پاکستان میں سی پیک کا منصوبہ مکمل ہو، دشمن نہیں چاہتے کہ پاکستان کے پڑوسیوں سے تعلقات مستحکم ہوں مگر ہمیں آنکھیں کھولنی ہیں، ایک مخصوص گروپ را کی پشت پناہی پر ایسی کارروائیاں کر رہا ہے۔

کامران ٹیسوری نے سوال اٹھایا کہ آخر کب تک افواج پاکستان کے جوان شہادتیں دیں گے؟ کب تک نفرتوں کا بیانیہ مخصوص سیاسی جماعت کے ذریعے پاکستان میں پھیلا جائے گا؟ کب تک مخصوص بیانیے کے تحت افواج پاکستان کو بدنام کیا جائے گا؟ اللہ نے ہمیں آرمی چیف حافظ سید عاصم منیر کی صورت میں تحفہ دیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اب آگے بڑھ کر دہشتگردوں کو منہ توڑ جواب دینا ہوگا، لوگوں کو شناختی کارڈ دیکھ کر مارنا یہی سازش کا پہلا حصہ ہے، یہ ملک میں مختلف قومیتوں کو آپس میں لڑوانا چاہتے ہیں، یہ دہشتگرد را کے پیرول پر ہیں۔