روہت شرما کو کونسی ٹیم 50 کروڑ روپے میں خریدنے جارہی ہے؟

بھارتی کپتان روہت شرما کو مہنگے داموں خریدنے کی تیاری کی جارہی ہے، انھیں آئی پی ایل ٹیم 50 کروڑ روپے کی خطیر رقم میں خرید سکتی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی پی ایل فرنچائز لکھنو سپر جائنٹس نے بھارتی کپتان روہت شرما کو اپنی ٹیم میں شامل کرنے پر دلچسپی ظاہر کی ہے اور مبینہ طور پر انھیں 50 کروڑ بھارتی روپے کی پیشکش کی ہے، اب دیکھنا یہ ہے آیا ممبئی انڈینز انھیں روکتی ہے یا پھر جانے دیتی ہے۔

2025 کے ایڈیشن کے لیے آئی پی ایل کی نیلامی کافی بڑی ہونے کی امید ہے، عام طور پر جب آئی پی ایل میں میگا آکشن ہوتی ہے تو پوری ٹیم ہی تبدیل ہو جاتی ہے۔

سب کی نظریں اس بار آکشن کے لیے ممبئی انڈینز پر ہیں آیا کہ وہ اپنے اسٹار پلیئرز کو ‘برقرار‘ رکھنے میں کامیاب ہوتی ہے جس میں روہت شرما، ہادرک پانڈیا، جسپریت بمرا اور بھارتی ٹی ٹوئنٹی کپتان سوریا کمار جیسے پلیئرز شامل ہیں۔

اب خبریں زیر گردش ہیں کہ لکھنو سپر جائنٹس کے مالک سنجیو گوئنکا نے روہت شرما کو اپنی ٹیم میں شامل ہونےکے عوض 500 ملین روپے کی خطیر رقم دینے کی پیشکش کرڈالی ہے۔

بھارتی ذرائع ابلاغ نے لکھنو سپر جائنٹس کے مالک سے پوچھا تو انھوں نے کہا کہ اچھا کھلاڑی ہماری ٹیم میں شامل ہو یہ ہر کسی کی خواہش ہوتی ہے، تاہم ہر چیز خواہش پر منحصر نہیں ہوتی پلیئر کی دستیابی دیکھ کر انھیں ٹیم میں شامل کیا جاتا ہے۔