سمندری طوفان کا کراچی سے فاصلہ مزید کم، اگلے 24 گھنٹے بہت اہم

چیف میٹرولوجسٹ شاہد عباس نے کہا ہے کہ سمندری طوفان کا کراچی سے فاصلہ کم ہو رہا ہے اور اس سے متعلق اگلے 24 سے 36 گھنٹے اہم ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق چیف میٹرولوجسٹ شاہد عباس نے سمندری طوفان کے حوالے سے اپ ڈیٹ کرتے ہوئے بتایا ہے کہ سمندری طوفان اس وقت کراچی سے تقریباً 200 کلومیٹر دور ہے اور 60 سے 70 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بڑھ رہا ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ نے مزید بتایا کہ سمندری طوفان مزید جنوب مغرب کی جانب بڑھے گا جہاں ڈیپ ڈپریشن سازگار ماحولیاتی حالات کے باعث سمندری طوفان میں تبدیل ہو سکتا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز محکمہ موسمیات نے سمندری طوفان سے متعلق اپ دوسری ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ سمندری طوفان مزید جنوب مغرب کی جانب بڑھے گا اور صبح تک سندھ کے ساحل کے ساتھ شمال مشرقی بحیرہ عرب میں ابھرے گا۔

ڈیپ ڈپریشن سازگار ماحولیاتی حالات کے باعث سمندری طوفان میں تبدیل ہو سکتا ہے۔ سائیکلون کے زیر اثر کراچی، تھرپارکر، بدین، ٹھٹھہ، سجاول، حیدرآباد ہوں گے۔

الرٹ کے مطابق مٹیاری، عمرکوٹ، میرپورخاص، اور سانگھڑ میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جب کہ جامشورو، دادو اور شہید بینظیر آباد میں 31 اگست تک موسلا دھار بارشیں متوقع ہیں۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ حب، لسبیلہ، آواران، کیچ ،گوادر میں یکم ستمبر کے دوران تیز بارش کا امکان ہے سندھ اوربلوچستان کےماہی گیر31 اگست سےیکم ستمبر تک سمندر میں نہ جائیں۔