سندھ میں مون سون اسپیل نے شدید تباہی مچا دی ہے 2 افراد جاں بحق کئی زخمی ہوگئے جب کہ حیدرآباد، بدین سمیت کئی شہر ڈوب چکے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق سندھ میں جاری مون سون اسپیل نے تباہی مچا دی ہے مختلف حادثات اور واقعات میں 2 افراد اپنی جان سے جا چکے ہیں۔ کئی شہر اور درجنوں دیہات ڈوب گئے جب کہ کچے مکانات گر اور فصلیں تباہ ہوگئیں۔
حیدرآباد میں دو دن میں 300 ملی میٹر بارش پڑی ہے جس سے شہر دریا کا منظر پیش کر رہا ہے۔ بارش کا پانی مساجد اور گھروں میں بھی داخل ہو گیا۔ ساحلی شہر بدین بھی 227 ملی میٹر بارش کے بعد ڈوب گیا ہے اور پوش علاقے بھی کسی ندی نالے کا منظر پیش کر رہے ہیں۔ ہر جگہ دو سے تین فٹ پانی جمع ہے۔
ٹنڈوالہیار میں بارش نے درجنوں مکانات کو مندہم کر دیا ہے۔ میرپورخاص میں بھی گٹر ابل پڑے ہیں۔ کاروباری مراکز بند ہیں جب کہ بجلی کا نظام درہم برہم اور پینے کا پانی نایاب ہو گیا ہے۔ امیر شاہ سیم نالے میں 30 فٹ چوڑا شگاف نے درجنوں دیہات ڈوب گئے۔
جامشورو کے علاقے کوٹری سائٹ بلوچ کالونی اور مدینہ نگر میں بارش کے دوران کرنٹ لگنے سے 2 افراد جاں بحق ہو گئے۔ ٹنڈو محمد خان میں چھتیں گرنے سے 2 افراد زخمی گئے۔ عمرکوٹ میں 36 گھنٹوں سے جاری بارش نے کچے گھروں کے مکینوں کو بے گھر کر دیا جب کہ کپاس اور مرچ کی فصل تباہ ہوگئی۔
سانگھڑ، ٹھٹھہ، مٹیاری اور سجاول میں بھی بارش نے جل تھل ایک کردیا ہے۔
موسم کا حال بتانے والوں نے مزید کہا ہے کہ سجاول اور ٹھٹھہ میں بھی آج طوفانی بارش کا امکان ہے اور تین سو ملی میٹر سے زیادہ بارش ہو سکتی ہے۔
بارشوں کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر حیدرآباد سمیت میرپورخاص، جامشورو، سجاول، ٹھٹھہ میں بھی تعلیمی ادارے مسلسل تیسرے روز بند ہیں۔
https://urdu.arynews.tv/distance-of-cyclone-from-karachi-further-reduced-next-24-hours-very-important/