’پاکستان، بنگلا دیش سے سیریز نہیں بچا پائے گا‘

پاکستان بنگلادیش سیریز

قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر عبدالرؤف کا کہنا ہے کہ میرا نہیں خیال کہ پاکستان بنگلا دیش کیخلاف سیریز بچا سکتا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’اسپورٹس روم‘ میں میزبان نجیب الحسنین نے سابق فاسٹ بولر عبدالرؤف سے پوچھا کہ کیا آپ کو لگتا ہے کہ پاکستان یہ سیریز بچا پائے گا؟

جواب میں انہوں نے کہا کہ میرا نہیں خیال کہ پاکستان بنگلا دیش کیخلاف سیریز بچا پائے گا اگر یہ پورا ٹیسٹ میچ ہو بھی جاتا ہے تو پاکستان کوئی خاطر خواہ فائدہ حاصل نہیں کرسکتا۔

عبدالرؤف نے کہا کہ بنگلا دیش نے پاکستان کو ہوم گراؤنڈ پر دس وکٹوں سے شکست دی ہے جب مہمان ٹیم آپ کو باآسانی شکست دے رہی ہے تو ہم پاکستان ٹیم سے بہتری کی امید نہیں رکھ سکتے، شکست کے بعد آپ کا مورال ڈاؤن ہوچکا ہے، بولرز کی باڈی لینگویج گر چکی ہے۔

سابق فاسٹ بولر نے کہا کہ بولرز نئی گیند پر وکٹیں حاصل نہیں کرسکے ایسا لگ رہا تھا کہ انہوں نے کبھی ٹیسٹ کرکٹ یا فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلی نہیں ہے، یہی وجہ تھی کہ آپ کو فاسٹ بولر شاہین آفریدی کو ڈراپ کرنا پڑا۔

انہوں نے کہا کہ جب آپ اپنے مین فاسٹ بولر کو ڈراپ کررہے ہیں تو اس کا مطلب یہ ہے کہ آپ بیک فٹ پر جاچکے ہیں۔

عبدالرؤف نے کہا کہ جیسن گلیسپی کو ہیڈ کوچ بنانا میرے لیے حیران کُن ہے، انہیں بولنگ کوچ بنانا چاہیے تھا، ان کا اسسٹنٹ اظہر محمود کو بنانا بھی غلط فیصلہ تھا۔

واضح رہے کہ پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ کا پہلا روز بارش کے باعث منسوخ کردیا گیا تھا۔