ممبئی: سنٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفیکیشن (سی بی ایف سی) نے بالی وڈ اداکارہ و سیاستدان کنگنا رناوت کی متنازع فلم ’ایمرجنسی‘ کو نمائش کی اجازت دینے سے انکار کر دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کنگنا رناوت نے ’ایمرجنسی‘ میں سابق بھارتی وزیر اعظم اندرا گاندھی کا کردار ادا کیا ہے تاہم فلم اب تک نمائش کیلیے سرٹیفیکیشن بورڈ کی منظوری کی منتظر ہے۔
کنگنا رناوت نے سماجی رابطوں کی سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر اپنے ویڈیو پیغام میں دعویٰ کیا کہ انہیں اور سنٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفیکیشن کے ارکان کو سنگین نتائج کی دھمکیاں مل رہی ہیں۔
اداکارہ و سیاستدان نے ویڈیو پیغام میں کہا ’افواہیں ہیں کہ ہماری فلم کو سرٹیفکیٹ مل گیا ہے لیکن یہ جھوٹ ہے۔ دراصل ہماری فلم کو پہلے کلیئر کر دیا گیا تھا لیکن دھمکیوں کی وجہ سے اس کا سرٹیفیکیشن روک دیا گیا ہے‘۔
’سنسر بورڈ کے لوگوں کو بھی کافی دھمکیاں مل رہی ہیں۔ ہم پر اندرا گاندھی کے قتل اور پنجاب کے فسادات کو نہ دکھانے کا دباؤ ہے۔ مجھے سمجھ نہیں آ رہی کہ پھر ہم فلم میں کیا دکھائیں؟ یہ میرے لیے ناقابل یقین وقت ہے کیونکہ مجھے افسوس ہے کہ ملک میں میرے ساتھ یہ ہو رہا ہے۔‘
کنگنا رناوت کی فلم کا ٹریلر 14 اگست کو جاری کیا گیا جبکہ اس کی نمائش 6 ستمبر کو شیڈول ہے۔
دوسری جانب، شرومنی اکالی دل (SAD) نے سی بی ایف سی کو قانونی نوٹس بھیجا جس میں کنگنا رناوت کی فلم کی ریلیز روکنے کا مطالبہ کیا گیا کیونکہ یہ فرقہ وارانہ کشیدگی کو ہوا دے سکتی ہے اور سکھوں سے متعلق غلط معلومات پھیلا سکتی ہے۔
قانونی نوٹس میں کہا گیا ’اس طرح کی فلمیں نہ صرف لوگوں کو کرتی ہیں بلکہ پنجاب اور سکھ برادری کے آپس کے تعلقات کو گہرا نقصان پہنچاتی ہیں۔ اداکارہ نے ’ایمرجنسی‘ کا موضوع کانگریس کے خلاف سیاسی یا تاریخی بیان دینے کیلیے نہیں بلکہ سکھ برادری کو نشانہ بنانے کیلیے چنا ہے‘۔