معروف کمپنی کے ڈیلیوری بوائے نے لیپ ٹاپ چرُا لیا

بھارتی شہر حیدرآباد کی خاتون نے دعویٰ ہے کہ معروف کمپنی کے ڈیلیوری بوائے نے اس کا لیپ ٹاپ چرا لیا اور واپس کرنے کے لیے 15000 روپے کا مطالبہ کیا۔

انڈین میڈیا کے مطابق نشیتا نامی خاتون نے معروف کمپنی کی سروس سے متعلق ہونے والے خراب تجربے سے متعلق سوشل میڈیا پر لوگوں کو آگاہ کیا ہے۔

خاتون کا کہنا ہے کہ اس کے شوہر نے اپنا بیگ دفتر سے لینے اور اسے مادھا پور میں کسی اور مقام پر چھوڑنے کے لیے ڈیلیوری کمپنی کی خدمات حاصل کیں۔ ڈیلیوری کرنے والے نے مبینہ طور پر لیپ ٹاپ چرا لیا اور پھر اسے واپس کرنے کے لیے 15000 روپے کا مطالبہ کیا۔

متاثرہ خاتون نے کہا کہ ڈیلیوری والے نے بیگ آدھے راستے سے کھولا اور چیک کیا کہ اس میں ایک لیپ ٹاپ ہے اور اپنا فون بند کر دیا۔ بعد میں رابطہ ہونے پر ملزم نے لیپ ٹاپ واپس کرنے کے لیے 15000 کا مطالبہ کیا۔

کوریئر سروس نے خاتون کے ساتھ پیش آنے والے واقعے پر وضاحت میں کہا کہ اپنے صارفین کی حفاظت اور اعتماد کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے یہ واقعہ ہمارے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے اور اس میں ملوث ڈیلیوری ایگزیکٹو کو ہمارے پلیٹ فارم سے ہٹا دیا گیا ہے ہم کسٹمر کے ساتھ رابطے میں ہیں اور اس مسئلے کو فوری طور پر حل کرنے کے لیے معاملے کی تحقیقات کرنے والے حکام کی مدد کر رہے ہیں۔