کراچی کے نجی اسپتال کے واش روم میں خاتون بچے کو جنم دے کر فرار ہوگئی، تاہم اسپتال عملے کے بروقت اقدام کی وجہ سے نومولود کی جان بچ گئی۔
یہ واقعہ کھارادر میں واقع نجی اسپتال میں پیش آیا جس کے چیئرمین احمد چنائے کا کہنا ہے کہ خاتون مبینہ طور پر اہل خانہ کے ہمراہ ڈرپ لگوانے اسپتال آئی تھی، خاتون واش روم کا کہہ کر گئی اور بچے کو جنم دیا۔
احمد چنائے نے بتایا کہ بچے کو جنم دینے کے بعد خاتون اسپتال سے بغیر اطلاع فرار ہوگئی، اسپتال عملے نے واش روم سے نومولود کو لا کر ابتدائی طبی امداد دی۔
انہوں نے بتایا کہ نومولود کی جان بچانے کی کوشش کی جا رہی ہے، خاتون کی تلاش کیلیے کھارادر تھانے کو مطلع کر دیا گیا۔
آج صبح لیاری کے علاقے آگرہ تاج کالونی سے نومولود بچے اور بچی کی لاشیں برآمد ہوئیں۔ ریسکیو حکام کے مطابق لاشیں نیوی فلیٹ دیوار کے قریب ملیں جنہیں اسپتال منتقل کردیا۔