غزہ کے اسپتال پر دوبارہ حملہ : اسرائیلی حملوں میں 61 فلسطینی شہید

غزہ میں اسرائیلی فوج کے حملے جاری ہیں، صبح سے اب تک صہیونی فوج نے 61 فلسطینی شہید کردیے، جبالیہ کیمپ، صابرہ اور زیتون میں اسرائیلی فوج نے وحشیانہ بمباری کی۔

غزہ جنگ کی تازہ ترین صورتحال کے مطابق آج شمالی غزہ کے سب سے بڑے شہر میں ایک اسپتال پر بھی دوبارہ حملہ کیا گیا ہے، اسرائیلی حملوں میں کم از کم 61 فلسطینی شہید ہوئے فلسطینی صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافہ متوقع ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق جنین شہر کا محاصرہ تاحال جاری ہے اور اسرائیلی افواج کی جانب سے کی جانے والی فوجی کارروائی کے نتیجے میں فلسطینی باشندے خوراک، پانی، بجلی اور انٹرنیٹ جیسی بنیادی ضروریات سے محروم تاحال ہیں، یہ مغربی کنارے میں دہائیوں کی سب سے شدید فوجی کارروائی ہے۔

مجموعی طور پر غزہ پر اسرائیلی حملوں میں اب تک کم از کم 40,691 افراد ہلاک اور 94,060 زخمی ہو چکے ہیں جبکہ حماس کے حملوں میں 7 اکتوبر کو اسرائیل میں تقریباً 1,139 افراد ہلاک ہوئے تھے۔