چمن: تاریخی کوژک ٹنل مٹی اور پانی سے بھرنے کے باعث چمن کوئٹہ ٹرین سروس معطل ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق کوژک پر طوفانی بارش اور سیلابی ریلوں کے باعث کوژک ٹنل مٹی اور پانی سے بھر گئی ہے، جس کی وجہ سے چمن اور کوئٹہ کے درمیان مسافر ٹرین کی سروس معطل ہو گئی ہے۔
کوژک سرنگ جیسے شیلا باغ سرنگ بھی کہا جاتا ہے، تاریخی اہمیت کی حامل ہے، کوژک ٹنل دنیا کی آٹھویں بڑی سُرنگ ہے جو چمن میں موجود ہے، اور یہ برطانوی دور کا شاہکار ہے۔
گزشتہ شب طوفانی موسلادھار بارش اور سیلابی ریلے کی وجہ سے دونوں طرف سے مٹی اور پانی سے بھر گئی ہے، اور مکمل طور پر ناقابل استعمال ہو گئی ہے۔ تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سرنگ کے دونوں اطراف مٹی کا ڈھیر لگا ہوا ہے، حکام کی جانب سے سرنگ کھولنے کے لیے اقدامات نہیں کیے گئے۔
133 سال پرانی اس سرنگ کی لمبائی تقریبا 5 کلو میٹر ہے، اس کی تعمیر میں تھوڑی سی دیر ہونے پر انجینئر نے پہاڑ سے چلانگ لگا کر خود کشی کر لی تھی، اس سرنگ کی تاریخی اہمیت کے لحاظ سے اسٹیٹ بنک آف پاکستان نے کرنسی کے 5 روپے والے متروک نوٹ کی بیک سائیڈ پر کوژک ٹنل (کھوجک سرنگ) کی تصویر شائع کی تھی اور یہ نوٹ 1976 سے 2005 تک چلتا رہا۔