’نواز شریف کے بغض میں آپ اندھے، بہرے اور گونگے ہو چکے ہیں‘

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے پی ٹی آئی رہنماؤں پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بغض نواز شریف میں آپ لوگ اندھے، بہرے اور گونگے ہو چکے ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف ملک و قوم کی بات کرنے والے لیڈر ہیں لیکن آپ لوگ نواز شریف کے بغض میں اندھے، بہرے اور گونگے ہوچکے ہیں۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ نواز شریف پاکستان واپس بھی آئے، وفاق اور پنجاب میں حکومت بھی بنائی۔ نواز شریف کے بھائی نے پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا اور ان کی بیٹی پنجاب کے عوام کی دن رات خدمت میں مصروف ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جو گڑھے آپ کا نالائق لیڈر کھود کر گیا، شہباز شریف اُن کو پُر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ یہ آپ کے لیڈر کی طرح ملک پرایٹم بم گرانے کی خواہش کرنے والے لیڈر نہیں۔ حلقے کھولنے کے طعنے دینے والے اب دوبارہ گنتی کے نام سے بھاگ رہے ہیں۔

ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ جیل میں آپ کے کرپٹ لیڈر ہیں، لہذا مذاکرات اور پاؤں پکڑنے کی ضرورت آپ کو ہے۔ ہمیں آپ سے بات کرنے یا آپ کا چہرہ دیکھنے کا بھی کوئی شوق نہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے کہا تھا کہ جس مقصد کیلیے نواز شریف آئے وہ تو پورا نہیں ہوا تو وہ واپس لندن ہی جائے گا، نواز شریف کے ساتھ تو اسکے بھائی نے ہی ہاتھ کردیا، نواز شریف خود ہار گیا، جس کے بعد یہ سارے ہار گئے انکی صرف 17 سیٹیں ہیں۔

اسد قیصر کا کہنا تھا کہ ہارنے پر نوازشریف وکٹری تقریر بھی کررہا تھا، سب ہنس رہے تھے، نواز شریف میں اخلاقی جرات ہو تو کہتے میں ہار گیا ہوں، پارٹی کے لوگ بتاتے ہیں نواز شریف بھائی سے ناراض اور مایوس ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ ہارا ہوا شخص اسمبلی میں بیٹھ کر خود کو عوامی نمائندہ کہے تو یہ توہین ہے، مذکرات سے متعلق اسد قیصر نے کہا کہ ان سے بات کریں گے تو اس کا مطلب ہے ہم اپنے موقف سے ہٹ گئے۔