بابر اعظم سے متعلق سلمان علی آغا نے کیا کہا؟

پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز بابر اعظم کافی عرصہ سے آؤٹ آف فارم ہیں جس پر ان کے ٹیم میٹ سلمان علی نے اظہار خیال کیا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر سلمان علی آغا سے راولپنڈی میں پریس کانفرنس کے دوران بابر اعظم کی طویل عرصے سے جاری خراب فارم سے متعلق سوال کیا گیا جس پر انہوں نے کہا ہے کہ بُرا وقت ہر کھلاڑی پر آتا ہے۔

سلمان علی آغا نے بابر اعظم کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ پانچ سال سے وہی تو رنز کر رہے تھے، اگر 10 یا 12 اننگز میں اسکور نہیں کیا تو کیا ہوگیا؟ تاہم ٹیم میں بابر کے علاوہ دیگر 10 کھلاڑی بھی کھیل رہے ہوتے ہیں، ہمیں دوسرے کھلاڑیوں پر بھی فوکس کرنا چاہیے۔

واضح رہے کہ بابر اعظم کی گزشتہ برس سے خراب فارم کا سلسلہ بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں بھی برقرار ہے اور ایسا لگتا ہے کہ ان کا بلا رنز اگلنا بھول گیا ہے۔

بابر اعظم بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگ میں صفر پر آؤٹ ہے اور یہ ہوم گراؤنڈ پر ان کے کیریئر کا پہلا ٹیسٹ ڈک تھا جب کہ دوسری اننگ میں بھی وہ صرف 22 رنز ہی بنا سکے۔

دوسرے ٹیسٹ میں بھی وہ اپنے پرانے رنگ میں واپس نہ آ سکے اور 31 رنز بنا کر شکیب الحسن کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔ خراب فارم کے باعث بابر اعظم اس وقت کڑی تنقید کی زد میں بھی ہیں۔