راولپنڈی: دوسرے ٹیسٹ میں شاندار سنچری بنانے والے لٹن داس نے 6 کھلاڑیوں کے جلد آؤٹ ہونے اور پریشر کے حوالے سے اظہار خیال کیا ہے۔
ٹیسٹ کے تیسرے دن کے اختتام پر بنگلہ دیش کے بلے بازلٹن داس کا میڈیا ٹاک کے دوران کہنا تھا کہ بنگلہ دیش کے 6 ٹاپ آرڈر پلیئرز کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد کچھ پریشر ضرور تھا، تاہم مہدی حسن مراز نے بہت مثبت سوچ کے ساتھ بیٹنگ کی۔
لٹن داس نے کہا کہ ایسا نہیں ہے کہ کل جاتے ہی پاکستان کو آؤٹ کردیں گے، کل باؤلنگ اچھی ضرور کروانے کی کوشش کریں گے، پہلے ٹیسٹ کی طرح پچ سے بلےبازوں کومدد نہیں مل رہی۔
دریں اثنا بنگلہ دیش کے خلاف راولپنڈی ٹیسٹ میں تباہ کن بولنگ کرنے والے پاکستانی فاسٹ بولر خرم شہزاد نے قومی بیٹرز سے لمبی اننگز کی امیدیں لگالی ہیں۔
کھیل کے تیسرے دن پاکستان کے 274 رنز کے جواب میں بنگلادیش کی پوری ٹیم 262 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ خرم شہزاد نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
میڈیا سے گفتگو میں فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ پہلے ٹیسٹ کی نسبت دوسرے ٹیسٹ کی پچ الگ ہے پاکستان کیلئے لمبے عرصے تک ٹیسٹ کرکٹ کھیلنا چاہتا ہوں۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان کی بیٹنگ ایسی ہے کہ اچھا اسکور کرسکتے ہیں پاکستان دوسرے ٹیسٹ کو جیتنے کے لیے کھیلے گا، بابراعظم و دیگر کھلاڑیوں سے رنز اسکور کرنے کی امید ہے۔