لاہور: ذرائع پیپلز پارٹی نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن پنجاب میں پاور شیئرنگ فارمولے پر عملدرآمد میں سنجیدہ نہیں ہے۔
پی پی ذرائع نے بتایا کہ ن لیگ کی جانب سے کل کے اجلاس سے متعلق کنفرم نہیں کیا جارہا ہے، دونوں جماعتوں کی کوآرڈینیشن کمیٹیوں کا اجلاس پیر کو پہلے سے طے شدہ ہے، گزشتہ اجلاس میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لینا ایجنڈے کا حصہ ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ دونوں جماعتوں کی کوآرڈینیشن کمیٹی کا گزشتہ اجلاس بے نتیجہ رہا، گورنر ہاؤس میں تیاریاں مکمل ہوگئی ہیں، اجلاس ہوگا یا نہیں ابھی تک واضح نہیں۔
پیپلز پارٹی کی طرف سے کمیٹی ارکان اجلاس میں شرکت کے لیے آرہے ہیں، پاکستان مسلم لیگ ن کی طرف سے ابھی تک کنفرم نہیں کیا جا رہا کہ کون کون شریک ہوگا، پیپلز پارٹی اپنے ایجنڈے پر عملدرآمد چاہتی ہے۔
ذرائع پی پی نے کہا کہ پارٹی چاہتی ہے مہنگائی میں کمی لائی جائے، نجکاری روکی جائے، پیپلز پارٹی چاہتی ہے پنجاب میں امن و امان صورتحال کو بہتر کیا جائے۔