پاکستانی بولرز بنگلہ دیشی بیٹرز کو جلد آؤٹ کیوں نہ کرسکے؟ جنید خان نے کیا کہا؟

بنگلہ دیش کے 6 پلیئرز جلد آؤٹ ہونے کے باوجود پاکستانی بولرز جلد میزبان کو آؤٹ کیوں نہ کرپائے، جنید خان نے اہم سوال اٹھا دیا۔

راولپنڈی ٹیسٹ میں ایک مرحلے پر بنگلہ دیش کے 26 رنز پر 6 کھلاڑی آؤٹ تھے پھر اچانک ہی حالات نے پلٹا کھایا اور بنگلہ دیش 262 رنز بنانے میں کامیاب رہا، ایسے میں پاکستان ویمنز ٹیم کے بولنگ کوچ جنید خان پاکستانی پیسرز کی کارکردگی سے بددل نظر آتے ہیں۔

سابق فاسٹ بولر اور قومی ویمنز ٹیم کے موجودہ بولنگ کوچ جنید خان نے پاکستانی بولرز کی کارکردگی پر نالاں نظرآتے ہیں، سوشل میڈیا پر جنید خان نے کہا کہ ناتجربہ کار بولنگ سائیڈ کے پاس پیس ہی موجود نہیں تھی۔

انھوں نے نشاندہی کی کہ بنگلہ دیش کے 26 رنز پر پر 6 پلیئرز آؤٹ تھے تاہم انھوں نے 262 رنزبنا لیے، جنید نے سوال کیا کہ کیا یہ پرفارمنس اچھی ہے یا بُری!

راولپنڈی میں ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان کے 274 رنز کے جواب میں بنگلہ دیش کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 262 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، بنگلادیشی بیٹرز 26 رنز پر 6 وکٹیں گنوانے کے باوجود 262 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔

پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں آج تیسرے دن کا ابتدائی پہلا گھنٹہ بنگلہ دیش کے لیے انتہائی خوفناک ثابت ہوا اور 26 رنز پر 6 بلے باز پویلین لوٹ گئے تھے۔

26 رنز پر بنگلہ دیش کی چھ وکٹیں گرنے اور تمام مستند بلے بازوں کے آؤٹ ہونے کے بعد مہمان ٹیم کے فالو آن کا خدشہ سامنے آنے لگا تھا لیکن وکٹ کیپر بیٹر لٹن داس اور آل راؤنڈر مہدی حسن میراز نے بنگلہ دیش کی ڈوبتی نیا کو سہارا دیا۔

دونوں نے نہ صرف اپنی ٹیم کو فالو آن کے خطرے سے نکالا بلکہ ساتویں وکٹ کے لیے 165 رنز کی پارٹنر شپ قائم کر کے اپنی ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کیا۔

193 رنز پر 8 وکٹیں گرنے کے باوجود لٹن داس بدستور ڈٹے رہے اور شاندار سنچری اسکور کی، آل راؤنڈر مہدی حسن نے78 رنز اسکور کیے جب کہ لٹن داس نے 138رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔

فاسٹ بولرخرم شہزاد نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 6 وکٹیں حاصل کیں جب کہ میر حمزہ نے 2 اور سلمان علی آغا نے ایک وکٹ حاصل کی۔