کبھی نہیں چاہا تھا کہ بیٹا اداکار بنے، نعمان اعجاز

نعمان اعجاز

شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار نعمان اعجاز کا کہنا ہے کہ میں نے کبھی نہیں چاہا تھا کہ بیٹا اداکار بنے۔

معروف اداکار نعمان اعجاز نے نجی ٹی وی کو چند ماہ قبل انٹرویو دیا تھا جس میں انہوں نے اپنے بیٹے و اداکار زاویار کے شوبز میں آنے سے متعلق گفتگو کی۔

انہوں نے کہا کہ میں کبھی نہیں چاہتا تھا کہ زوایار اداکار بنے لیکن اس کی قسمت میں اداکار بننا ہی لکھا تھا۔

اداکار نے بتایا کہ میں اپنے بیٹوں کو کبھی بھی ڈراموں کی شوٹنگ کے سیٹ پر نہیں لے کر گیا اور نہ ہی کبھی کسی فنکار کو اپنے گھر مدعو کیا۔

نعمان اعجاز نے کہا کہ میں نے اپنی نجی زندگی اور فیملی کو شوبز انڈسٹری سے بالکل الگ اور دور رکھا ہے، میں گھر میں اداکار نہیں بلکہ عام آدمی کی طرح رہتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ جب میرے بیٹے نے شوبز انڈسٹری میں قدم رکھا تو میں جائے نماز پر بیٹھ کر بہت رویا اور کہا کہ اللہ تعالیٰ! میں نے تو کبھی یہ نہیں چاہا تھا، پھر میرے بیٹے کو اس شعبے میں کیوں ڈالا۔

اداکار نے کہا کہ مجھے معلوم ہے انڈسٹری کے لوگ بہت برے ہیں یہاں اگر آپ کسی کو ایک بار انکار کردو تو وہ دوبارہ آپ سے بات کرنا پسند نہیں کرتا۔

سینئر اداکار نے کہا کہ اس انڈسٹری میں قدم جمانا مذاق کی بات نہیں ہے، میرا یقین کریں یہ باتیں جھوٹ نہیں بولیں بلکہ شوبز کی دنیا کا سچ بتایا ہے۔

واضح رہے کہ نعمان اعجاز اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل ’بسمل‘ میں اداکاری کے جوہر دکھا رہے ہیں جس کی دیگر کاسٹ میں حریم فاروق، سویرا ندیم، سعد قریشی ودیگر شامل ہیں۔