اسلام آباد : بانی پی ٹی آئی نے 9 مئی مقدمات میں فوجی تحویل میں دینے کے خدشے کے پیش نظر اسلام آبادہائیکورٹ سےرجوع کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق 9 مئی کے مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کو فوجی تحویل میں نہ دینے کی درخواست دائر کردی گئی۔
اسلام آبادہائیکورٹ میں بانی پی ٹی آئی کی درخواست وکیل عزیر بھنڈاری نے دائر کی، جس میں 9مئی مقدمات میں ملٹری کورٹ ٹرائل کیلئے فوجی تحویل میں نہ دینے کی استدعا کی گئی ہے۔
درخواست میں سیکریٹری قانون،سیکریٹری داخلہ اور وفاق سمیت آئی جی اسلام آباد،آئی جی پنجاب،آئی جی جیل خانہ جات،ڈی جی ایف آئی اے کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ یقینی بنایاجائے کہ نومئی مقدمات کی سماعت سویلین عدالتوں میں ہو۔
یاد رہے وزیر دفاع خواجہ آصف نے اہم بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کا ملٹری ٹرائل ہو سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی جب تک 9 مئی پر قوم سے معافی نہیں مانگتی بات نہیں بڑھے گی، 9 مئی کا احتساب 200 فیصد ہونا چاہیےم پی ٹی آئی دورِ حکومت میں 24 سویلینز کے کیس ملٹری کورٹ میں چلائے گئے جبکہ متعدد کو سزائے موت سنائی گئی۔