ایک اور 7 ماہ کی حاملہ ایتھلیٹ نے گولڈ میڈل جیت لیا

پیرس میں جاری پیرالمپکس 2024 میں سات ماہ کی حاملہ برطانوی ایتھلیٹ نے سونے کا تمغہ حاصل کر کے تاریخ رقم کر دی۔

برطانیہ کی ایتھلیٹ جوڈی جو سات ماہ کے حمل کے باوجود کامیابی کا عزم لیے پیرس میں کھیلے جا رہے پیرالمپکس میں شریک ہوئیں اور سونے کا تمغہ جیت کر اپنے خواب کی تعبیر پائی۔

جوڈی نے تیر اندازی کے مکسڈ ٹیم ایونٹ میں ساتھی ایتھلیٹ نیتھن کے ہمراہ ایرانی جوڑی کو شکست دی۔

جوڈی سنگلز میں کانستی کے تمغے کے ساتھ پہلے ہی پیرالمپکس میں میڈل جیتنے والی پہلی حاملہ خاتون بن چکی ہیں۔

دوسری جانب پیرالمپکس میں چین کے تمغوں کی سنچری مکمل ہوچکی ہے اور وہ ٹیبل پر پہلی پوزیشن پر براجمان ہے۔ برطانیہ دوسرے اور امریکا تیسرے نمبر پر موجود ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل گزشتہ ماہ ختم ہونے والے پیرس اولمپکس گیمز میں بھی مصر کی خاتون ایتھلیٹ ندا حافظ نے سات ماہ کے حمل کے دوران تلوار بازی کے مقابلے میں حریف کو مات دیتے ہوئے گولڈ میڈل جیتا تھا۔