’دھرنا معاہدے پر پروپیگنڈہ کرنے والے عوام کا نقصان کر رہے ہیں‘

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ راولپنڈی دھرنا معاہدے پر پروپیگنڈہ کرنے والے عوام کا نقصان کر رہے ہیں پروپیگنڈہ کرنے والے جان لیں اس کا فائدہ حکومت کو ہو گا۔

منصورہ لاہور میں حافظ نعیم الرحمان نے تاجر یونین کے ذمہ داران کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ اور پی پی کی طرح پی ٹی آئی نے بھی آئی پی پیز کو چھوٹ دی تھی۔

انہوں نے کہا کہ عوام کے ریلیف کیلئے جماعت اسلامی کی جدوجہد میں کمی نہیں آئےگی، معاہدے پر عملدرآمد نہ ہوا تو دھرنا اور لانگ مارچ کے آپشنز موجود ہیں، عوام کو ریلیف نہ دیا گیاتو ہڑتالوں سمیت تمام آپشنز استعمال کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کسی سیاسی پارٹی سے نہیں عوام سے اتحاد کرے گی، پورے ملک میں یکم ستمبر سے ممبرشپ مہم کا آغاز کیا ہے، نوجوان مایوس نہ ہوں، جماعت اسلامی کے ممبر بنیں، مل کر پاکستان کو مضبوط بنائیں گے، ممبر بنیں، طاقت بنیں، عوام کے حق اور اختیار کی جنگ میں ممبر بن کر ہمارے ساتھ شریک ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کے بارے میں سب جانتے ہیں کہ اسے جب اور جتنا بھی اقتدار ملا جماعت اسلامی کے ممبران نے دیانت داری سے اپنی ذمہ داریاں نبھائیں، جماعت اسلامی جیسی شفاف جماعت کو اقتدار ملنے سے پاکستان کو فائدہ ہو گا اور ملک آگے بڑھے گا۔