پاکستان ریڈ بال ٹیم کے کپتان شان مسعود کی ناقص کارکردگی کے بعد ان کے قیادت سے مستعفی ہونے کی خبریں گرم ہیں جس پر وہ بول پڑے ہیں۔
شان مسعود جن کی قیادت میں پاکستان کو حال ہی میں ہوم گراؤنڈ پر بنگلہ دیش کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں وائٹ واش کی شرمناک شکست ہوئی ہے جب کہ وہ سب سے زیادہ ابتدائی ٹیسٹ میچ ہارنے والے کپتانوں کی فہرست میں بھی شامل ہوگئے ہیں۔
شان مسعود کی کپتانی میں پانچ ٹیسٹ میچ کھیلے گئے اور تمام میں شکست ہوئی اور دونوں سیریز میں قومی ٹیم کو کلین سوئپ کی خفت برداشت کرنا پڑی۔
بطور کپتان اس مایوس کن کارکردگی کے بعد جہاں ان کے طرز قیادت اور فیصلوں پر تنقید کرتے ہوئے صلاحیتوں پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں وہیں سوشل میڈیا پر ان کے قیادت سے مستعفی ہونے کی خبریں بھی گردش کرنے لگیں، تاہم جب اس حوالے سے شان مسعود سے سوال کیا گیا تو انہوں نے اس کی تردید کر دی۔
شان مسعود کا کہنا تھا کہ میں قیادت سے استعفیٰ نہیں دے رہا، سوشل میڈیا پر تو بات کا بتنگڑ بنا دیا جاتا ہے۔ اسی لیے ہم کوشش کرتے ہیں کہ میچ کے دوران سوشل میڈیا سے دور رہیں۔
ٹیسٹ ٹیم کپتان نے شاہین شاہ آفریدی اور ریڈ بال ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی سے اختلافات اور تلخ کلامی کی خبروں کی بھی کھل کر تردید کی۔
https://urdu.arynews.tv/shan-masood-got-a-negative-record/