پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان رمیز راجا بھی بنگلہ دیش سے ہوم ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش پر حیران ہیں اور انہوں نے کپتان سمیت بولنگ اٹیک پر تنقید کی ہے۔
رمیز راجا نے پاکستان کی بنگلہ دیش کے ہاتھوں شرمناک شکست پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا بولنگ اٹیک ٹیسٹ کرکٹ کا نہیں بلکہ فرسٹ کلاس کا بولنگ اٹیک ہے۔
سابق کپتان نے کہا کہ بے شک شان مسعود نوجوان کپتان ہے اور دوسرے ٹیسٹ میں بولنگ اٹیک بھی نیا اور نا تجربہ کار تھا، مگر اس کو کپتان نے منتخب کیا تھا اور اسے ہی اس کارکردگی کے بارے جواب دینا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیش سے شکست کے بعد پاکستان کرکٹ بہت نیچے چلی گئی ہے۔ شائقین مایوس ہیں، وہ پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ کیوں دیکھیں، جب انہیں ٹی وی چینلز پر زیادہ معیاری کرکٹ دیکھنے کو مل رہی ہو تو۔
رمیز راجا نے کہا کہ اس شکست پر ذمے داروں سے، سینئرز کھلاڑیوں کو بلا کر بات کرنی چاہیے۔ اس وقت ٹیم میں صرف محمد رضوان ایسا کھلاڑی ہے جو میدان میں لڑتا نظر آتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایسی کارکردگی سے پاکستان کرکٹ کی بنیاد ہل گئی ہے۔ جب ایسی صورتحال ہو تو پھر اسپانسرز، شائقین بھی بد دل ہوجاتے ہیں اور ان کی امیدیں بھی دم توڑ جاتی ہیں۔
سابق کپتان نے کہا کہ ٹیم میں جو کھلاڑی ہیں، انہیں ہی ذمے داری اٹھانا ہوگی۔ طویل فارمیٹ کا سیزن ہے، کوئی بہانہ نہیں، اس میں آپ کو ذہنی طور پر اٹھنا ہوگا تب ہی آپ اوپر جا سکتے ہیں۔
https://urdu.arynews.tv/salman-butt-support-babar-azam/