جہلم : لاپتہ ہونے والے 3 بچوں کی لاشیں تالاب سے برآمد

جہلم ساگری

جہلم : ساگری میں گمشدہ تین بچوں کی لاشیں تالاب سے برآمد کرلی گئیں، بچے گذشتہ روز گھر سے کھیلنے کے لیے نکلے اور لاپتہ ہوگئے تھے۔

تفصیلات کے مطابق جہلم کے نواحی علاقے ساگری کے تالاب میں ڈوب کر تین بچے جاں بحق ہوگئے، ریسکیو 1122 کی غوطہ خور ٹیم نے لاشیں نکال کر ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کیں۔

جہلم کے علاقہ چھنی میں مہمان آئے ہوئے ، جس میں دو بچوں سمیت تین بچے جو آپس میں رشتہ دار تھے، گھر سے کھیلنے کے لیے نکلے اور لاپتہ ہوگئے۔

لواحقین نے شام تک بچے نہ ملنے پر پولیس کو گمشدگی کی اطلاع کی ، رات گئے شہریوں نے بچوں کو تلاش کے دوران تالاب میں ایک بچے کی تیرتی لاش کو دیکھ کر ریسکیو 1122 کو اطلاع دی۔

اطلاع ملتے ہی ریسکیو کی غوطہ خور ٹیم نے تالاب میں آپریشن کیا اور تینوں بچوں کی لاشیں برآمد ہو گئیں، جاں بحق ہونے والے بچوں میں گیارہ سالہ محمد عبداللہ 13 سالہ شاہزیب احمد اور 14 سال آفاق شامل ہیں۔

ریسکیو ذرائع نے بتایاکہ بچے تالاب میں نہاتے ہوئے ایک دوسرے کو بچاتے ہوئے ڈوبے ہیں تاہم ضروری کاروائی کے بعد لاشیں ورثاء کے حوالے کر دی گئی ہیں۔

پولیس کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ تمام پہلوؤں سے بچوں کی موت کا جائزہ لے رہے ہیں۔