سکیورٹی فورسز کا بلوچستان میں آپریشن، 2 دہشتگرد ہلاک

خیبر پختونخوا میں فورسز کے آپریشنز میں 4 خوارج ہلاک

راولپنڈی: سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع قلات میں آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشتگرد ہلاک کر دیے۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن کے دوران دہشتگردوں کے ٹھکانے کو گھیرے میں لے کر کارروائی کی گئی جس میں 2 شر پسند مارے گئے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دہشتگردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا، ہلاک دہشتگرد علاقے میں متعدد کارروائیوں میں سرگرم رہے۔

گزشتہ ہفتے سکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں کے دوران 5 دہشتگردوں کو ہلاک کیا تھا۔ کیچ، پنجگور اور ژوب میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائیاں کی گئی تھیں۔

آپریشنز 26 اگست کے معصوم شہریوں پر بزدلانہ حملوں کے تناظر میں کیے گئے تھے جن کا مقصد گھناؤنی کارروائیوں میں ملوث دہشتگردوں کو کیفر کردار تک پہنچانا تھا۔

یاد رہے کہ 26 اگست کو بلوچستان میں دہشتگردی کے مختلف واقعات میں 38 افراد جاں بحق ہوگئے تھے جبکہ سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 21 دہشتگرد مارے گئے تھے۔