علی امین گنڈاپور کی صحافیوں کیخلاف نامناسب زبان پر بانی پی ٹی آئی نے کیا کہا؟

راولپنڈی: بانی پی ٹی آئی نے صحافیوں سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور کے حوالے سے صحافی کے سوال کا جواب دیدیا۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی صحافیوں کیخلاف نامناسب زبان پر صحافیوں نے بانی پی ٹی آئی سے احتجاج کیا، صحافی نے بانی تحریک انصاف سے سوال کیا کہ علی امین گنڈاپور نے صحافیوں کو دھمکیاں دیں اور نامناسب زبان استعمال کی۔

بانی پی ٹی آئی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے نہیں معلوم علی امین گنڈاپور نے کیا کہا، مجھے نہیں معلوم میں جیل میں ہوں۔

بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ میرے سارے کیسز جھوٹے ہیں کچھ بھی ثابت نہ کرسکے، نیب ترامیم اب ملک کا قانون بن چکا ہے، اس کو چھوڑیں یہ قانونی معاملہ ہے۔

دریں اثنا علی امین گنڈاپورکی صحافیوں سے متعلق گفتگو پر صحافیوں کی جانب سے قومی اسمبلی میڈیا گیلری سے واک آؤٹ کیا گیا۔

قومی اسمبلی میں رہنما تحریک انصاف عمر ایوب کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف صحافی برادری سے غیرمشروط معافی مانگتی ہے، وزیراعلٰی کے پی صحافی برادری سے خود معذرت کریں گے۔

اپوزیشن لیڈرقومی اسمبلی عمر ایوب نے کہا کہ صحافی مشکل ترین حالات میں کوریج کرتےہیں، پی ٹی آئی صحافی برادری کی خدمات کو قدرکی نگاہ سےدیکھتی ہے۔

بعدازاں صحافیوں نے قومی اسمبلی اجلاس کا بائیکاٹ ختم کردیا، قومی اسمبلی اجلاس کا بائیکاٹ عمر ایوب کی معذرت کے بعد ختم کیا گیا۔