چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا ایک اور یوٹرن

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر

اسلام آباد : چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے یوٹرن لیتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے جو بیان دیابالکل ٹھیک ہے۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے صحافیوں سےمعافی پر یوٹرن لے لیا اور کہا علی امین گنڈاپور کے بیان پر ہم نے کوئی معافی نہیں مانگی، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے جو بیان دیابالکل ٹھیک ہے۔

گذشتہ روز بیرسٹر گوہر نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی نامناسب بیان پر غیرمشروط معافی مانگی تھی۔

چیئرمین تحریک انصاف کا قومی اسمبلی اجلاس سے خطاب میں کہنا تھا کہ علی امین گنڈاپور کے بیان پر غیرمشروط معافی مانگی ہے، علی امین نے صحافیوں کو ملاقات کیلئے پیغام بھجوایا ہے۔

انھوں نے کہا تھا کہ صحافی برادری ہمیشہ پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑی رہی، صحافی برادری نے مشکل وقت میں پی ٹی آئی کا بھرپور ساتھ دیا۔

دوسری جانب اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی اور تحریک انصاف کے مرکزی رہنما عمر ایوب نے قومی اسمبلی میں کہا تھا کہ تحریک انصاف صحافی برادری سے غیرمشروط معافی مانگتی ہے، وزیراعلٰی کے پی علی امین صحافی برادری سے خود معذرت کریں گے۔

اس سے قبل صحافیوں کی جانب سے قومی اسمبلی اجلاس کا بائیکاٹ کیا گیا تھا تاہم قومی اسمبلی کے فلور پر عمرایوب کی واضح معذرت کے بعد صحافیوں نے بائیکاٹ ختم کیا۔