پارلیمنٹ میں بیٹھے لوگ عہد کریں وہ بھی اپنی بہن بیٹی کو وراثت میں حصہ دیں گے، حنیف عباسی

پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما حنیف عباسی نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ میں بیٹھے سارے لوگ عہد کریں کہ وہ بھی اپنی بہن بیٹی کو وراثت میں حصہ دیں گے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق قومی اسمبلی کے جاری اجلاس میں خاتون رکن آسیہ ناز تنولی نے وراثت میں خواتین کے قانونی حصے کےعدالتی احکامات پر عمل درآمد نہ کرنے سے متعلق توجہ دلاؤ نوٹس پیش کیا۔

وزیر اطلاعات ونشریات عطا تارڑ نے کہا کہ خواتین کو وراثت میں حصہ نہ ملنا افسوسناک ہے، یہ ان کا شرعی او قانونی حق ہے۔ اسلام میں جہیز کا کوئی تصور نہیں ہے۔ کسی بھی خاتون کو تعلیم اور جہیز دینے سے اس کی وراثت کا حق ختم نہیں ہوتا۔ ہمیں کلچر تبدیل کرنے کے لیے پہلے اپنے مائنڈ سیٹ کو تبدیل کرنا ہوگا۔ ،وفاقی وزیراطلاعات عطاتارڑ

عطا تارڑ نے کہا کہ خواتین کی وراثت میں حق سے متعلق دونوں ہاؤس کی کمیٹی بنانی چاہیے۔ قانون میں تبدیلی کر کے وراثتی سرٹیفکیٹ کا اجرا نادرا کو سونپ دیا ہے۔ پہلے طاقتور افراد سکسیشن سرٹیفکیٹ نہیں بننے دیتے تھے۔

اس موقع پر ن لیگی رکن قومی اسمبلی حنیف عباسی نے کہا کہ ہم 25 کروڑ عوام کو یہاں بیٹھ کر دھوکا دے رہے ہیں۔ عطا تارڑ نے خواتین کے حوالے سے جو بل کی بات کی، وہ بہت بڑی بات ہے۔

حنیف عباسی نے مزید کہا کہ میں عہد کرتا ہوں اپنی بیٹیوں کو وراثت میں پورا حق دوں گا۔ یہاں پارلیمنٹ میں بیٹھے سارے لوگ بھی عہد کریں کہ وہ اپنی بہن بیٹی کو وراثت کا حصہ دیں گے۔

https://urdu.arynews.tv/bilawal-bhuttos-warnning-to-federal-government/