آئی سی سی نے ویمنز ٹی 20 ورلڈکپ کیلئے کم قیمت ٹکٹوں کا اعلان کر دیا ہے۔
تین اکتوبر سے متحدہ عرب امارات میں شروع ہونے والے ورلڈکپ میں کم از کم ٹکٹ 5 درہم کا ہو گا۔ 18سال سے کم عمر تماشائیوں کیلئے ٹورنامنٹ میں انٹری فری ہو گی۔
10ٹیموں کا خواتین ٹی20 ٹورنامنٹ 3 سے 20 اکتوبر تک شارجہ اور دبئی میں کھیلا جائے گا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ بنگلہ دیش سے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) منتقل کردیا ہے۔
آئی سی سی کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش میں سیاسی صورتحال کی وجہ سے ایونٹ منتقل کیا گیا ہے، ایونٹ کی میزبانی کے حقوق بنگلہ دیش کے پاس ہی رہیں گے، کچھ ملکوں کی ٹریول ایڈوائزری کی وجہ سے بنگلا دیش میں ایونٹ ممکن نہیں تھا۔
واضح رہے کہ میگا ایونٹ 3 سے 20 اکتوبر تک دبئی اور شارجہ میں کھیلا جائے گا، بھارت، آسٹریلیا، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ نے حالیہ واقعات کی وجہ سے ٹریول ایڈوائزری جاری کی تھی۔
بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے ایک آفیشل کا کہنا تھا کہ میزبان ہونے کی حیثیت سے آئی سی سی کے ساتھ رابطے میں ہیں، 4 ممالک کی ٹریول ایڈوائزری کی وجہ سے خدشات پائے جاتے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان ندا ڈار کو تبدیل کیے جانے کا امکان ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے قومی ویمنز ٹیم کی کپتان کی تبدیلی کے حوالے سے جلد باضابطہ اعلان کیا جائےگا۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ ندا ڈار کی جگہ فاطمہ ثنا پاکستان ویمنز کرکٹ کی ٹیم کپتان بننے کے لیے مضبوط امیدوار ہیں۔