ممبئی: جب بھی مشہور ڈائیلاگ ’میرے کرن ارجن آئیں گے‘ سنتے ہیں تو ذہن میں ماضی کی مقبول بالی وڈ اداکارہ راکھی کا چہرہ آ جاتا ہے۔
انڈیا ڈاٹ کام کی رپورٹ کے مطابق اداکارہ راکھی نے 1976 میں بلاک بسٹر فلم ’کبھی کبھی‘ سے خوب شہرت حاصل کی، لیکن ان زندگی کئی اتار چڑھاؤ آئے۔ اداکارہ نے 1973 میں اردو کے شاعر اور گیت نگار گلزار سے شادی کی تھی تاہم جوڑے نے 1974 میں علیحدگی اختیار کر لی تھی۔
طلاق کے باوجود راکھی نےہمت نہیں ہاری۔ انہوں نے ایک بار کہا تھا کہ ’میں اپنی مرضی اور عزت نفس پر قائم ہوں۔ مالی بحران کے باوجود کبھی بھی ایسی فلم میں کام نہیں کروں گی جو مجھے پسند نہیں‘۔
بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ 77 سال کی ہونے کے باوجود وہ اب بھی بے پناہ حوصلہ اور عزم رکھتی ہیں۔ زندگی کے اس مرحلے پر بھی وہ شہر کی ہلچل سے دور اکیلی رہتی ہے۔
راکھی نے ایک بار کہا تھا کہ ’مجھے اب پیسے کی ضرورت نہیں ہے۔ میں اپنا کام خود کرتی ہوں اور اپنے جانوروں کے ساتھ خوشگوار زندگی گزارتی ہوں‘۔
بالی وڈ اداکارہ کو جانوروں سے گہری محبت ہے۔ ان کے فارم ہاؤس میں کتے، گائے اور پرندے سمیت متعدد جانور ہیں جن سب کی وہ ذاتی طور پر دیکھ بھال کرتی ہیں۔
انہوں نے شاہ رخ خان، سلمان خان اور دھرمیندر سمیت کئی سُپر اسٹارز کے ساتھ کام کیا ہے۔ تاہم، بہت سے لوگ اس بات سے واقف نہیں ہیں کہ میگا اسٹار امیتابھ بچن نے ایک بار ان کے ساتھ فلم کرنے سے انکار کر دیا تھا۔
دراصل فلمساز یش چوپڑا ’کبھی کبھی‘ میں راکھی کے ساتھ امیتابھ بچن اور ششی کپور کو کاسٹ کرنا چاہتے تھے لیکن جب میگا اسٹار کو معلوم ہوا کہ راکھی بھی فلم کا حصہ ہیں تو وہ الگ ہوگئے تھے۔
راکھی نے 1963 میں بنگالی صحافی اور فلم ڈائریکٹر اجے بسواس سے شادی کی تھی جو 1965 تک قائم رہی۔ اداکارہ کی دوسری شادی گلزار سے ہوئی تھی جن سے ان کی ایک بیٹی ہے۔
کبھی ممبئی میں ایک عالی شان بنگلے کی مالکن رہنے والی راکھی اب پنویل میں اپنے فارم ہاؤس میں زیادہ ویران زندگی گزار رہی ہیں۔ وہ دن بھر اپنے جانوروں کی دیکھ بھال، سبزیاں اگانے اور پڑھنے میں گزارتی ہیں۔ ان کے پاس 9 کتے، 32 گائیں اور مختلف اقسام کے پرندے اور سانپ ہیں۔