سرجھکاؤں گا نہیں کٹواؤں گا لیکن اپنی آزادی پر سمجھوتہ نہیں کروں گا، علی امین گنڈاپور

علی امین گنڈا پور

پشاور : وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے 9 ستمبر واقعے کے بعد پہلے خطاب میں کہا کہ سرجھکاؤں گا نہیں کٹواؤں گا لیکن اپنی آزادی پر سمجھوتہ نہیں کروں گا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخواعلی امین گنڈاپور نے بارکونسل ایسوسی ایشنز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے کسی سے انتقام نہیں لیااورنہ ہی صوبائی اداروں کوذاتی انتقام کیلئےاستعمال کیا، ہم نفرتیں نہیں پیدا کرنا چاہتے کیونکہ اس کانقصان ملک کو ہوتا ہے۔

وزیراعلیٰ کے پی کا کہنا تھا کہ اپنے حق،انصاف اورحقیقی آزادی کےلیےبات کرناترک نہیں کریں گے، آئین اجازت دیتاہےکہ ہم اپنے حقوق کا دفاع کریں۔

انھوں نے کہا کہ جب تک ہم اس صورتحال سےباہرنہیں آتے،آگےنہیں بڑھ سکتے، ہمارے ملک میں یہ آئین بار بار ٹوٹ چکا آج تک سزا نہیں ہوئی ، یہ آئین پھر ٹوٹے گا ، بار بار ٹوٹے گا کیونکہ سزا نہیں ہو رہی۔

علی امین کا کہنا تھا کہ آئین توڑنے پر جب سزا ہو گی تو کوئی جرات نہیں کرے گا، فیصلہ کرنا ہے آئین توڑنے والوں کو آئین کے مطابق جو سزا بتائی گئی وہ دلوانی ہے۔

انھوں بتایا کہ مجھےکہتے ہیں کہ آپ کالہجہ بڑاسخت ہے، ٹھیک ہےمیں لہجہ نرم کرلیتا ہوں لیکن میری سوچ، نظریہ کوئی نہیں بدل سکتا۔

وزیراعلیٰ کے پی نے کہا کہ میری سوچ،میرے نظریے کوکبھی بھی کوئی قیدنہیں کر سکتا، میں سر جھکاؤں یا کٹواؤں میں اپنی آزادی پرکمپرومائزنہیں کروں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ کسی کےکان پرجوں نہیں رینگتی،للکاروں توبات پسندنہیں آتی، میں تمہارے باپ کا نوکر ہوں، ملازم ہوں، مزارع ہوں؟ جواب دینا پڑے گا،جواب نہیں دیں گے تو آواز اونچی کروں گا اور نکلوں گا۔

علی امین نے اپنے خطاب میں افغانستان سے خود مذاکرات شروع کرنے کا بھی اعلان کردیا۔