پی سی بی چیمپئنز ون ڈے کپ کے افتتاحی میچ میں مارخورز نے پینتھرز کو 160 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے دی۔
فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں پینتھرز کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو ان کی ٹیم کے حق میں برا ثابت ہوا اور مارخورز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے حریف ٹیم کو 348 رنز کے ہدف کے پہاڑ تلے دبا دیا۔
بڑے ہدف کے تعاقب میں پینتھرز کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا اور آدھی ٹیم 41 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ 52 رنز کے مجموعے تک 6 کھلاڑی آؤٹ ہوچکے تھے۔ اس موقع پر مبشر خان اور عماد بٹ کے درمیان ساتویں وکٹ اور عماد بٹ، اسامہ میر کے درمیان آٹھویں وکٹ کے لیے 59، 59 رنز کی پارٹنر شپ قائم ہوئی تاہم وہ بڑے ہدف کے تعاقب کے ناکافی تھیں۔
View this post on Instagram
پینتھرز کی پوری ٹیم 34.5 اوورز میں صرف 187 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ عماد بٹ 72 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔ مبشر کان 33، اسامہ میر 21 اور صائم ایوب 20 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ ان کے علاوہ باقی کوئی بیٹر ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہوسکا۔
مارخورز کے نسیم شاہ سب سے کامیاب بولر رہے جنہوں نے 27 رنز دے کر تین پینتھرز کا شکار کیا۔ عاکف جاوید نے بھی تین وکٹیں حاصل کیں مگر 43 رنز دیے۔ شاہنواز دھانی نے دو جب کہ زاہد محمود نے ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل محمد رضوان کی قیادت میں مارخورز نے پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت ملنے پر حریف پینتھرز کے بولرز پر ہلہ بولتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 347 رنز اسکور کیے۔
64 رنز کے مجموعے پر دو وکٹیں گرنے کے بعد کامران غلام اور کپتان محمد رضوان کے درمیان تیسری وکٹ کے لیے 133 رنز کی قیمتی پارٹنر شپ قائم ہوئی۔ اس موقع پر رضوان 45 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے لیکن کامران غلام نے اپنا لاٹھی چارج جاری رکھا۔
View this post on Instagram
کامران غلام 102 گیندوں پر 115 رنز کی شاندار اننگ کھیل کر آؤٹ ہوئے اور ٹورنامنٹ کی پہلی سنچری بنانے کا اعزاز اپنے نام کیا۔ عبدالصمد نے 25 گیندوں پر 62 رنز کی طوفانی اننگ کھیلی جس میں 6 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے جب کہ افتخار احمد 57 رنز کے ساتھ نا قابل شکست رہے۔
View this post on Instagram
پینتھرز کے محمد حنین اور مبشر خان نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں جب کہ عماد بٹ اور محمد ذیشان کے ہاتھ ایک، ایک وکٹ آئی۔
میچ وننگ اننگ کھیلنے پر کامران غلام کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
ٹورنامنٹ میں آج لائنز اور اسٹالینز کا مقابلہ ہوگا۔ اسٹالینز کے نوجوان کپتان محمد حارث کی قیادت میں قومی وائٹ اور ریڈ بال ٹیموں کے کپتان بابر اعظم اور شان مسعود ایکشن میں دکھائی دیں گے جب کہ لائنز کی قیادت شاہین شاہ آفریدی کریں گے۔
میچ مقامی وقت کے مطابق سہ پہر تین بجے شروع ہوگا۔