اسلام آباد : حکومت اور اداروں کے خلاف بغاوت پر اکسانے کے الزام پر بانی پی ٹی آئی کیخلاف مقدمہ درج کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر متنازع پوسٹ اور بانی پی ٹی آئی سے ایف آئی اے ٹیم کی تحقیقات کے معاملے پر حکومت اور اداروں کے خلاف بغاوت پراکسانے کے الزام پر بانی پی ٹی آئی کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
حکومتی ذرائع نے بتایا ہے ایف آئی اے نے بانی پی ٹی آئی کے خلاف کارروائی شروع کردی ہے۔
یاد رہے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ایکس اکاؤنٹ سے کی گئی دھمکی آمیز پوسٹ کی تحقیقات کا فیصلہ کیا تھا۔
ذرائع کے مطابق ایف آئی اے نے بانی بانی پی ٹی آئی سے تحقیقات کیلیے سینئر افسران کی سربراہی میں 4 ارکان پر مشتمل ٹیم تشکیل دی ، جس میں ایف آئی اے، سائبر کرائم ونگ اور اسلام آباد کے افسران شامل ہیں۔
ایف آئی اے کے مطابق بانی پی ٹی آئی سے تحقیقات ان کے اکاؤنٹ سے دھمکی آمیز پوسٹ پر کی جا رہی ہے، انتہائی متنازع پوسٹ سابق وزیر اعظم کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ سے شیئر کی گئی۔
خیال رہے کہ مئی میں بانی پی ٹی آئی کے ایکس اکاؤنٹ سے ایک پروپیگنڈا ویڈیو اپ لوڈ کی گئی تھی جس کی تحقیقات میں انہوں نے ایف آئی اے ٹیم کو کسی سوال کا جواب دینے انکار کر دیا تھا۔
بانی پی ٹی آئی نے ایف آئی اے ٹیم کے کسی بھی سوال کا جواب دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ کسی بھی سوال کا جواب وکلا کی موجودگی میں دوں گا۔ ایف آئی اے ٹیم نے ملزم کا مؤقف تحریری طور پر حاصل کیا تھا۔
سابق وزیر اعظم کے اکاؤنٹ سے 26 مئی کو شیخ مجیب الرحمان پر ویڈیو ٹوئٹ کی گئی تھی۔