اسلام آباد: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو سوشل میڈیا پوسٹ کے نتائج بھگتنا ہوں گے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق بلاول بھٹو نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کل رات پورے پاکستان نے ایک شخص کا بیان پڑھا، یہ اپنی سیاست چمکانے اورریلیف کے لیے ہر ادارے پرحملہ ہے، پی ٹی آئی وضاحت کرے یہ بیان بانی کا ہے یا نہیں؟ اگر نہیں توکیا اکاؤنٹ علی امین اور شیرافضل چلا رہے ہیں؟
بلاول بھٹو نے کہا کہ تحقیقات کی جائیں بانی پی ٹی آئی نے جو باتیں کل کی ہیں کیا یہ ان کا ہی بیان ہے، یہ بیان جمہوریت پر حملہ ہے اگر بیان انہوں نے نہیں دیا تو اپوزیشن لیڈر یا پارٹی چیئرمین وضاحت کریں۔
انہوں نے کہا کہ یہ جوفارم سینتالیس کا رونا روتے ہیں، اب جوتحقیقات چل رہی ہے، ایسے بہت سے ثبوت سامنے آئیں گے کہ یہ عوام کو منہ دکھانے کے قابل نہیں رہیں گے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ عوام نے ثابت کردیا وہ قیدی نمبر آٹھ سو چار کے ساتھ نہیں کھڑے، سارے ضمنی الیکشن میں انہیں شکست ہوئی۔۔
چیئرمین پی پی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے دور میں انٹیلی جنس چیف نے ان کی کرپشن کے ثبوت دیے، سازش کے ذریعے میڈیا اینکرز کو لانچ کیا گیا، چیف جسٹس اور آرمی چیف کیخلاف مہم چلائی گئی، ایسے بہت سے ثبوت ہیں جو سامنے آئیں گے تو یہ عوام کو منہ نہیں دکھا سکیں گے۔