ہمت ہے تو دوبارہ اجازت دیں آپ کو بتائیں گے جلسہ کیا ہوتا ہے، علی امین گنڈاپور

ہمت ہے تو دوبارہ اجازت دیں آپ کو بتائیں گے جلسہ کیا ہوتا ہے، علی امین گنڈاپور

پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ اگر پنجاب حکومت میں ہمت تو ہمیں دوبارہ جلسے کی اجازت دیں، ہم آپ کو بتائیں گے کہ جلسہ کیا ہوتا ہے۔

علی امین گنڈاپور نے گزشتہ روز لاہور میں ہونے والی جلسے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کل جلسے میں پنجاب حکومت نے جو کچھ کیا اس کی بھرپور مذمت کرتا ہوں، جلسے کیلیے حکومت نے تمام راستے بند کیے تھے۔

وزیر اعلیٰ کے پی نے کہا کہ ہماری تحریک کا نعرہ ہے ایک ریاست دو دستور نامنظور، دو طرح کے قانون ہیں کمزور کے الگ اور طاقتور کیلیے الگ، اپنے مقاصد حاصل کرنے تک تحریک جاری رکھیں گے، وفاقی اور پنجاب کی حکومتوں کی جانب سے جھوٹے بیانیہ بنایا گیا لیکن اس سے قوم کو بے وقوف نہیں بنایا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کم ظرفوں کی ہے اور کم ظرفوں سے کوئی اچھے کی امید نہیں رکھتا، اگر (ن) لیگ جمہوری ہے تو مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت دیتی۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی سیاسی پرورش آمریت نے کی ہے، انہوں نے ملک کا پیسہ بے انتہا لوٹا، انہوں نے جس پیسے سے جائیداد بنائی قوم کو پتا ہے۔

علی امین گنڈاپور نے اپنے بیان میں کہا کہ پی ٹی آئی پر کسی کو ڈاکا نہیں ڈالنے دیں گے، جو جماعتیں غیر آئینی کام کا حصہ بن رہی ہیں وہ اچھا نہیں کر رہیں، عوام جمہوریت، آئین اور بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جنہوں نے غیر قانونی طور پر توشہ خانہ سے گاڑیاں لیں وہ براجمان ہیں، قوم غلام نہیں اور نہ ہم غلامی برداشت کریں گے، ججز کہہ رہے ہیں کہ ان پر دباؤ ڈالا جاتا ہے۔

اپنی گفتگو میں انہوں نے اعلان کیا کہ آئندہ اتوار کو میانوالی اور پھرپنڈی میں جلسہ کریں گے۔