شاہین شاہ آفریدی زخمی

چیمپئنز ون ڈے کپ میں لائنز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی ڈولفنز کے خلاف میچ میں زخمی ہوگئے اور لنگڑاتے ہوئے میدان سے باہر چلے گئے۔

فیصل آباد میں کھیلے جا رہے چیمپئنز ون ڈے کپ کے آخری راؤنڈ میچ میں لائنز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی زخمی ہو کر میدان سے باہر چلے گئے۔

یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ ڈولفنز کی جانب سے جیت کے لیے دیے گئے 326 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آٹھویں نمبر پر بیٹنگ کرنے آئے تھے اور جارحانہ انداز اختیار کرتے ہوئے ٹیم کو میچ جتوانے کے لیے کوشاں تھے۔

اس موقع پر ڈولفنز کے بولر فہیم اشرف کی ایک تیز گیند شاہین شاہ آفردی کی ٹانگ پر لگی۔ اس کے بعد وہ شدید تکلیف میں نظر آئے اور لنگڑاتے ہوئے میدان سے باہر چلے گئے۔

213 رنز پر 6 وکٹیں گرنے کے بعد شاہین شاہ ایک بار پھر ادھوری بیٹنگ مکمل کرنے آئے تاہم تکلیف کے باعث وہ لنگڑا کر رننگ کرتے دکھائی دیے اور بالآخر تکلیف بڑھ جانے کی صورت میں وہ 33 رنز پر ریٹائرڈ ہرٹ ہوکر میدان سے باہر چلے گئے۔

لائنز یہ میچ صرف 20 رنز سے ہار گیا تاہم اس نے پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

شاہین شاہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسٹار فاسٹ بولر ہیں. ان کی انجرکی نوعیت کا پتہ نہیں چل سکا ہے تاہم انگلینڈ کے دورہ پاکستان سے قبل ان کا زخمی ہونا قومی ٹیم کے لیے نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز آئندہ ماہ سے شروع ہو رہی ہے اور پہلا ٹیسٹ میچ 7 اکتوبر کو ملتان میں کھیلا جائے گا.