بھارت: اسپتال پر کتوں نے قبضہ جما لیا، ویڈیو دیکھیں

حیدرآباد: بھارتی شہر حیدرآباد کے ایک اسپتال پر کتوں نے قبضہ جما لیا ہے، جس کی وجہ سے مریض اور ان کے تیمارداروں کو شدید تکلیف کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ناگرکرنول جنرل اسپتال کی ایک ویڈیو سامنے آئی ہے، جس میں اسپتال کے کوریڈور میں متعدد آوارہ کتوں کو آزادانہ گھومتے پھرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

عملے کا بھی کہنا ہے کہ آوارہ کتے آؤٹ پیشنٹ ڈپارٹمنٹ اور دیگر جگہوں پر آزادانہ گھومتے پھرتے ہیں، جس سے نہ صرف انھیں بلکہ مریضوں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

اسپتال کی انتظامیہ نے کوششیں کیں لیکن کتوں کو وہاں سے بھگانے میں کامیاب نہیں ہو سکی، جس سے مریضوں اور ان کے رشتہ داروں میں مایوسی پھیل گئی ہے۔