اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ مخصوص نشستوں کے کیس میں سپریم کورٹ کا تفصیلی فیصلہ الیکشن کمیشن کیخلاف چارج شیٹ ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مخصوص نشستیں اسی جماعت کو ملیں گی جو امیدوار جیتے ہوں، سپریم کورٹ نے جمہوریت کو مزید مضبوط کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی جسے نامزد کرے وہ پارٹی کا ہی امیدوارمانا جائے گا، سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کے اقدام پر سوال اٹھائے ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ مخصوص نشستیں پی ٹی آئی کا حق ہے، الیکشن کمیشن جلد نوٹیفکیشن جاری کرے۔
واضح رہے کہ وفاقی وزیر برائے قانون اعظم نذیر تارڑ کا کہنا ہے کہ درخواست کے مطابق فیصلہ دیا جاتا ہے لیکن مخصوص نشستوں کا فیصلہ سپریم کورٹ کی جانب سے درخواست کے برعکس دیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عدالت میں تمام ججز برابر ہوتے ہیں سنیارٹی فیصلوں پر حاوی نہیں ہوتی، سماعت میں دو ہی پوائنٹس تھے کہ مخصوص نشستیں سنی اتحاد کونسل کو ملنی ہیں یا نہیں، کس نے مقدمہ کیا، کیا استدعا کی اس کو دیکھا جاتا ہے، جن دو ججز نے اختلافی نوٹ لکھا فیصلے میں ان کے بارے میں بھی سختی سے لکھا گیا۔
وزیر قانون کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی الیکشن کمیشن، پشاور ہائیکورٹ نہ سپریم کورٹ میں فریق تھی، موجودہ قوانین کے مطابق یہ مخصوص نشستیں کیسے ایلوکیٹ ہونی ہیں فیصلے میں نہیں، یہ کوئی فورس نہیں ہے، چین آف کمانڈ نہیں یہ عدالت ہے، آج کے فیصلے نے نظرثانی درخواستوں کو مزید تقویت دی ہے۔
مزید پڑھیں: پی ٹی آئی قومی اسمبلی میں مخصوص نشستوں کی حقدار ہے، سپریم کورٹ کا تفصیلی فیصلہ جاری
یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے مخصوص نشستوں سےمتعلق کیس کے تفصیلی فیصلے میں کہا تھا کہ پی ٹی آئی قومی اسمبلی میں مخصوص نشستوں کی حقدار ہے۔