فیصل آباد: جعلی عامل نے تعویذ دینے کے بہانے طلاق یافتہ خاتون کو بلاکر اپنے پاس قید کرلیا، چار دن تک زیادتی کا نشانہ بناتا رہا۔
محلہ اسلام آباد میں طلاق یافتہ جوان خاتون کے ساتھ زیادتی کا واقعہ پیش آیا ہے، پولیس نے بتایا کہ جعلی عامل نے تعویذ دینے کے بہانے 26 سالہ زرقا کو بلایا تھا، ملزم نے زرقا کو 7 سالہ بیٹی سمیت قید کرلیا اور 4 روز تک زیادتی کی۔
پولیس نے بتایا کہ تھانہ مدینہ ٹاؤن پولیس نے ملزم یاسر کو گرفتار کرلیا ہے، تھانہ مدینہ ٹاؤن میں خاتون کے بھائی کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
اس سے قبل جعفرآباد میں نجی اسکول میں پانچ بچوں سے زیادتی کا واقعہ سامنے آیا تھا، میڈیکل رپورٹ میں چار بچوں سے زیادتی کی تصدیق ہوئی تھی، بچوں سے ایک سے زائد بار زیادتی ہوئی۔
ایس ایس پی جعفرآباد نے بتایا کہ نجی اسکول کوسیل کرکےزیادتی کےالزام میں پرنسپل اور وارڈن کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ پرنسپل کے بھائی کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔
نجی اسکول میں زیر تعلیم 5 کمسن طلبہ سے بدفعلی کا مقدمہ تھانہ ڈیرہ اللہ یار میں اسکول پرنسپل اور وارڈن سمیت 3 افراد کے خلاف درج کرلیا گیا ہے، بدفعلی واقعہ کی ایف آئی آر متاثرہ بچے کے والد کی مدعیت میں درج کی گئی۔
ڈی ایس پی محمد داٶد کھوسہ کے مطابق گرفتار پرنسپل اور وارڈن نے ابتدائی تفتیش میں بچوں سے بدفعلی کا اعتراف کرلیا ہے۔
متاثرہ بچے کے والد دوران جکھرانی نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ انہیں گزشتہ روز بچوں نے فون کرکے اسکول بلایا اور بدفعلی سے متعلق آگاہ کیا، ہمارے خاندان کے 7 بچے اسکول میں زیر تعلیم تھے۔