پینتھرز کی ٹیم مارخورز کو ہرا کر چیمپئنز ون ڈے کپ کے فائنل میں پہنچ گئی

پینتھرز

چیمپئنز ون ڈے کپ کے کوالیفائر میں پینتھرز کی ٹیم مارخورز کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں پہنچ گئی۔

فیصل آباد میں کھیلے گئے کوالیفائر میں پینتھرز نے مارخورز کی جانب سے دیا جانے والا 138 رنز کا ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر 23.4 اوورز میں حاصل کرلیا۔

عثمان خان نے 26 گیندوں پر 54 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلی، ان کی اننگ میں 5 چوکے اور چار چھکے شامل تھے، عمر صدیق 35 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

صائم ایوب 33 رنز بناکر زاہد محمود کا نشانہ بنے، اذان اویس 13 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

مارخورز کی جانب سے عاکف جاوید، سلمان علی آغا اور زاہد محمود نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل مارخورز کی ٹیم 137 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی، سلمان علی آغا 52 اور افتخار احمد 39 رنز کے ساتھ نمایاں رہے تھے، نسیم شاہ  14 اور فخر زمان 11 رنز بناسکے تھے۔

کپتان محمد رضوان بغیر کوئی رن بنائے محمد حسنین کو وکٹ دے بیٹھے تھے، مارخورز کے 7 بیٹر ڈبل فگر میں بھی داخل نہیں ہوسکے تھے۔

پینتھرز کی جانب سے صائم ایوب نے پانچ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی تھی، محمد حسنین نے تین اور علی رضا نے ایک وکٹ حاصل کی تھی۔