مجوزہ 26 ویں آئینی ترامیم کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف نے جمعیت علمائے پاکستان سے پھر رابطہ کر لیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کو ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق پی ٹی آئی وفد آج جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات رکے گا جس میں مجوزہ ا26 ویں آئینی ترمیم پر گفتگو کی جائے گی۔
ذرائع نے بتایا کہ جے یو آئی اور پی ٹی آئی وفود کی ملاقات آج شام ہوگی جس میں دونوں ٹیموں کی قانونی ٹیمیں بھی شرکت کریں گے۔ اس ملاقات مین آئینی ترامیم سے متعلق آئندہ کی حکمت عملی پر مشاورت کی جائے گی۔
اس ملاقات میں صدر مملکت کی جانب سے جاری سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر آرڈیننس پر بھی مشاورت ہوگی۔
واضح رہے کہ مجوزہ آئینی ترامیم کے حوالے سے گزشتہ ہفتہ سیاسی حوالے سے خاصا سنسنی خیز رہا تھا۔ حکومت اور اس کے اتحادی مولانا فضل الرحمان کو آئینی ترامیم کے حق میں ووٹ کے لیے منانے میں ناکام رہے تھے اور جے یو آئی سربراہ نے حکومتی آئینی مسودہ مسترد کر دیا تھا۔
آئینی ترامیم پر گزشتہ ہفتے دونوں جماعتوں نے ایک ساتھ چلنے کے عزم کا اظہار کیا تھا اور اس حوالے سے ان کی کئی ملاقاتیں ہوئی تھیں۔