عالمی شہرت یافتہ موسیقار اے آر رحمان کو بھیک مانگنے کا مشورہ کس نے دیا؟

عالمی شہرت یافتہ موسیقار اے آر رحمان کو بھیک مانگنے کا مشورہ کس نے دیا؟

آسکر ایوارڈ یافتہ بھارتی موسیقار اے آر  رحمان مسلسل ایسی دھنیں بنا رہے ہیں جس نے سامعین کو اپنی گرفت میں لے رکھا ہے۔

بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف موسیقار اللہ رکھا رحمن المعروف اے آر رحمان 6 جنوری 1967 کو اے ایس دلیپ کمار کے طور پر مدراس، تمل ناڈو میں پیدا ہوئے، انہوں نے چار سال کی عمر میں پیانو سیکھنا شروع کیا اور بچپن سے ہی اپنے والد، تامل اور ملیالم فلموں کے فلمی موسیقار کی مدد کی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق والد کے انتقال کے بعد انہیں اپنے خاندان کی کفالت کے لیے انتہائی کم عمری میں کام کرنا پڑا، جس کی وجہ سے اکثر اسکول سے غیر حاضر رہتے اور امتحانات میں بھی اچھے نمبر حاصل نہیں کر پاتے تھے۔

اے آر رحمان کی پرنسپل نے ان کی والدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ انہیں مشورہ دیں کہ وہ اپنے خاندان کی کفالت کے بجائے اپنی تعلیم پر زیادہ توجہ دیں اور پھر ایک دن اسی پرنسپل نے اے ار رحمٰن کی والدہ کو مشورہ بھی دے ڈالا کہ وہ انہیں مزید اسکول نہ بھیجیں بلکہ شہر کی سڑکوں پر بھیک مانگنے لے جائیں۔

اس سے قبل بھی اے آر رحمان اپنی کامیابی کا سہرا اپنی والدہ کے سر سجا چکے ہیں، انہوں نے ایک انٹر ویو میں کہا تھا کہ ان کی کامیابی کے پیچھے ان کی والدہ کا ہاتھ ہے۔

موسیقار نے کہا تھا کہ میری والدہ نے مجھے آگے بڑھانے اور کامیاب بنانے کے لیے بہت سی قربانیاں دیں، انہوں نے اپنا زیور گروی رکھ کر مجھے پیسے  دئیے، والدہ کے دئیے گئے پیسوں سے اسٹوڈیو بنایا اور موسیقی کے آلات خریدے جس کے بعد متعدد دھنیں تخلیق کیں جو بہت مشہور ہوئیں۔

خیال رہے کہ اس عظیم موسیقار اے آر رحمان کو اب تک دو آسکر، دو گریمی اور ایک گولڈن گلوب ایوارڈ سے نوازا جا چکا ہے، انہوں نے سینکڑوں فلموں میں موسیقی دی ہیں۔

آے آر رحمان کی آسکر ایوارڈ یافتہ فلم ’سلم ڈاگ ملنیئر‘ کے ساتھ ’لگان‘ اور ’تال‘ جیسی فلمیں شامل ہیں، جبکہ انہوں نے دنیا بھر کے بڑے فنکاروں کے ساتھ کام کیا ہے۔