پنجاب کو 2 صوبوں میں تقسیم کرنے کیلیے آئینی ترمیم بل پر غور

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قانون کے اجلاس میں ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب کو دو صوبوں میں تقسیم کرنے کے آئینی ترمیم کے بل پر غور ہوا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قانون کا اجلاس سینیٹر فاروق ایچ نائیک کی سربراہ میں ہوا جس میں پاکستان کے سب سے بڑے صوبے پنجاب کو دو صوبوں میں تقسیم کرنے کے آئینی ترمیم کے بل پر غور ہوا۔

سینیٹر عون عباس نے اس حوالے سے کہا کہ بڑا صوبہ ہونے کی وجہ سے وسائل کی تقسیم مساوی نہیں۔ رحیم یار خان کا لاہور سے فاصلہ 800 کلومیٹر ہے۔ جنوبی پنجاب کے عوام کا مسائل کے حل کے لیے لاہور کا سفر مشکل ہو جاتا ہے۔

جے یو آئی سینیٹر نے اس کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ صوبوں کی تقسیم رقبے کے مطابق کیا جانا درست نہیں جب کہ ن لیگی سینیٹر انوشہ نے تجویز پیش کی کہ اس بل کو واپس لیا جائے۔

اس موقع پر عون عباس نے کہا کہ پنجاب کی تقسیم کی بات پر ن لیگ کو تکلیف ہوتی ہے۔

بعد ازاں بل مزید غور کے لیے اگلے اجلاس تک موخر کر دیا گیا۔