پنجاب میں جھینگے کی فارمنگ کیلیے بڑا پائلٹ پروجیکٹ

مریم نواز کا شریمپ (جھینگے) فارمنگ کیلیے مراعات کا اعلان

لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے شریمپ (جھینگے) فارمنگ کیلیے مراعات کا اعلان کرتے ہوئے صوبے میں ایک لاکھ ایکڑ پر فارمنگ کا ہدف مقرر کر دیا۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز نے مظفر گڑھ جھلاریں شمالی میں شریمپ فارمنگ پائلٹ پروجیکٹ کا دورہ کیا اور پائلٹ پروجیکٹ فار ایڈیپٹو ریسرچ آن شریمپ فارمنگ کا افتتاح کیا۔

اس موقع پر مریم نواز کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں شریمپ کی بہت مانگ ہے لہٰذا ہمیں فائدہ اٹھانا چاہیے، ایک لاکھ ایکڑ پر شریمپ فارمنگ سے ایک ارب ڈالر زرمبادلہ حاصل کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شریمپ فارمنگ سے 40 فیصد تک منافع کی شرح ہو سکتی ہے، ویران اور بنجر زمین کو شریمپ فارمنگ سے قابل استعمال بنائیں گے، فارمنگ کیلیے فارمرز اور انویسٹرز کو کم از کم لیز پر زمین اور مراعات دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ شریمپ فارمنگ کیلیے سیڈ، فیڈ اور درکار آلات بھی فراہم کریں گے۔

شریمپ فارمنگ، جسے جھینگے کی فارمنگ بھی کہا جاتا ہے، ایک زرعی عمل ہے جس میں جھینگوں (شریمپ) کی پیداوار کیلیے مخصوص ماحول تیار کیا جاتا ہے۔

یہ عموماً پانی میں کیا جاتا ہے، جیسے سمندر یا جھیل میں، یا خصوصی تالابوں میں۔ اس عمل میں جھینگوں کی افزائش، نگہداشت اور انہیں خوراک فراہم کرنا شامل ہے۔

شریمپ فارمنگ میں کچھ چیلنجز بھی ہوتے ہیں جیسے کہ ماحولیاتی اثرات، بیماریوں کا پھیلاؤ اور پانی کے وسائل کا انتظام۔ ان چیلنجز کا حل نکالنا اہم ہے تاکہ اس صنعت کو پائیدار بنایا جا سکے۔